کمبلے ۔کوہلی معاملہ کو مناسب طریقے سے سنبھالا نہیں گیا:گنگولی

 

کولکتہ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سابق کپتان اور بی سی سی آئی کرکٹ ایڈوائزی کمیٹی (کے اے سی ) کے رکن سورو گنگولی نے کوچ انل کمبلے اور کپتان ویراٹ کوہلی کے تنازعہ پر پہلی مرتبہ اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو مناسب طریقے سے سنبھالا نہیں گیا۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ سلیکشن کی ذمہ داری سنبھال رہی کے ای سی نے ہی گزشتہ سال سابق کرکٹر کمبلے کو کوچنگ کا ضروری تجربہ نہ ہونے کے باوجود ترجیح دیتے ہوئے قومی ٹیم کا کوچ مقرر کیا تھا۔ اس تین رکنی کمیٹی میں گنگولی کے علاوہ وی وی ایس لکشمن اور سچن تنڈولکر بھی شامل ہیں۔کپتان کوہلی کے ساتھ اختلافات اور تنازعہ کے سبب کمبلے نے اپنی معیاد کے اختتام چیمپئنز ٹرافی کے فوراً بعد لندن میں ہی استعفی کا اعلان کر دیا تھا۔ گنگولی نے پہلی مرتبہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کوچ اور کپتان کے اس تنازعہ کو حل کرنے کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے انہوں نے مناسب طریقے سے اس مسئلے کو نہیں دیکھا۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ خود کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (کے اے سی) بھی کوہلی اور کمبلے کے درمیان اختلافات حل کرنے میں مصروف تھی لیکن کوہلی کے ساتھ بات چیت کے بعد انہیں اس بات کا احساس ہوا کہ اب اس مسئلے کا حل ممکن نہیں ۔ گنگولی نے یہاں کولکتہ میں صحافیوں سے کہا مجھے لگتا ہے کہ کمبلے اور کوہلی کے درمیان اس پورے تنازعہ کے مسئلے کو اور بہتر طریقے سے حل کیا جا سکتا تھا لیکن یہ معاملہ غلط طریقے سے دیکھا گیا۔قبل ازیںگنگولی نے بی سی سی آئی کے منتظمین کی کمیٹی اور ریاستی اسوسی ایشن کے اجلاس میں اس بات سے انکار کیا تھا کہ کے اے سی نے اس پورے تنازعہ کی گہرائی کو سمجھا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کس طرح کا کوچ قومی ٹیم کے لئے چاہتی ہے ۔ بی سی سی آئی نے کمبلے کے استعفی دینے کے بعد ہندستانی ٹیم کے نئے کوچ کے عہدے پر درخواست کی میعاد بھی بڑھا کر9 جولائی کر دی ہے اور ساتھ ہی عہدہ کے لئے مزید درخواستیں طلب کی گئی ہیں جس کے بعد سابق ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری نے کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دی ہے ۔ شاستری کی درخواست پر گنگولی نے کہا کوئی بھی کوچ کے لئے اپنی درخواست دے سکتا ہے ۔ اگر میں مہتمم نہیں ہوتا تو میں بھی اس کے لیے درخواست دے سکتا تھا۔ ہم درخواست دہندگان میں سے بہترین امیدوار کو دیکھیں گے ۔واضح ر ہے کہ گزشتہ سال جب کے اے سی نے کوچ کے عہدے کے لیے انٹرویو کیے تھے تب گنگولی شاستری کا انٹرویو کرنے کے دوران موجود ہی نہیں تھے۔