کمار وشواس بی جے پی کے اسٹیج پر، قیاس آرائیوں میں شدت

باندہ 24دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی(عاپ) کے لیڈر اور مشہور شاعر کمار وشواس کے اتوار کو دیر رات یہاں بی جی پی کے اسٹیج پر پہنچنے سے ان کے پارٹی بدلنے کی قیاس آرائیوں کوایک بار پھر ہوا مل گئی ہے ۔بندیل کھنڈ کے باندہ میں بی جے پی لیڈراورراج بھاشا ہندی صلاح کار سمیتی کے رکن رمیش اوستھی نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی جینتی پر مشاعرہ اور سمینار کا انعقاد کیا تھا۔ جی آئی سی میدان میں منعقد اس پرپروگرام میں ڈاکٹر کمار وشواس سمیت کئی مشہورومعروف شاعروں نے شرکت کی۔عاپ لیڈر اور مشہور شاعر نے پروگرام میں سامعین کو خوب لطف اندوز کیا وہیں سیاسی گلیاروں میں یہ چرچا بھی شروع ہوگئی کہ بی جے پی لیڈر رمیش اوستھی کے ذریعہ کمار وشواس کو بی جے پی میں لانے کی کوشش شروع کر دی ہے ۔پروگرام میں موجود بی جے پی کے ایک لیڈر نے دعوی کیا کہ عاپ سے ناراض چل رہے کمار وشواس کو کسی نہ کسی سیاسی پارٹی کے اسٹیج کی ضرورت ہے اور ان کے لئے بی جے پی سے بہتر کوئی دوسرا متبادل نہیں ہوسکتا ہے ۔ حالانکہ پروگرام کے کوآرڈینیٹر رمیش اوستھی نے اس بارے میں کسی بھی تبصرے سے انکار کردیا ہے ۔پارٹی ذرائع کا ماننا ہے کہ ڈاکٹر وشواس بی جے پی میں شامل ہوکر اترپردیش کے سب سے پچھڑے بندیل کھنڈ سے اپنی نئی سیاسی پاری کا آغاز کرسکتے ہیں۔