کمارا سوامی اور سینئر قائدین نئی دہلی میں اختلافات کی یکسوئی کیلئے موجود ، قلمدانوں کی تقسیم اور کاشتکاروں کے قرض کی معافی پر اختلافات
بنگلورو 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (ایس) کے صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج کہاکہ اُنھوں نے کانگریس زیرقیادت حکومت کرناٹک کو تائید فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی جبکہ اسمبلی انتخابات کے نتائج منتشر حاصل ہوئے تھے لیکن کانگریس نے اصرار کیاکہ ایچ ڈی کمارا سوامی چیف منسٹر بن جائیں۔ دیوے گوڑا نے اپنے ایک گھنٹہ طویل تبادلہ خیال کے دوران جو کانگریس قائدین غلام نبی آزاد اور اشوک گہلوٹ سے ہوا تھا، دیوے گوڑا نے کہاکہ اُن کے بیٹے کمارا سوامی کی چیف منسٹری کے عہدہ کے لئے تائید کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ میرے اور کانگریس قائدین غلام نبی آزاد و اشوک گہلوٹ کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔ میں نے اُن سے کہہ دیا تھا کہ حکومت تشکیل دیں، مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا لیکن اُنھوں نے اصرار کیاکہ کمارا سوامی چیف منسٹر بن جائیں کیوں کہ یہ ہائی کمان کا انتخاب ہے۔ سابق وزیراعظم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اِن خبروں کے دوران کہ نومنتخبہ جے ڈی ایس ۔ کانگریس اتحاد کے درمیان وزارتوں کے قلمدان کی تقسیم کے سلسلے میں اور کاشتکاروں کے قرضے معاف کرنے کے سلسلے میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ کمارا سوامی کابینہ کی توسیع میں تاخیر پر بھی جے ڈی ایس کو اعتراض ہے۔ دیوے گوڑا نے نشاندہی کی کہ کاشتکاروں کو راحت رسانی کا تیقن پورا کرنا مشکل ہوگا۔ 37 ارکان اسمبلی کے ساتھ جے ڈی ایس کو اپنے پروگرام جاری رکھنے ہوں گے لیکن تائید کے بغیر ایسا کرنا مشکل ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ کمارا سوامی نے کہا تھا کہ وہ استعفیٰ دیدیں گے اگر ضرورت ہو تو وہ کانگریس کے احکام کی تعمیل کریں گے اور 6.5 کروڑ عوام کے ساتھ دغابازی نہیں کریں گے۔ اُنھوں نے خود کو حالات کی پیداوار قرار دیا تھا۔ کمارا سوامی نے تیقن دیا تھا کہ کاشتکاروں کے قرضے معاف کرنے کے سلسلے میں جن کی جملہ مالیت 53 ہزار کروڑ روپئے ہوتی ہے، برسر اقتدار آنے کے اندرون 24 گھنٹے مکتوب روانہ کریں گے۔ بی جے پی نے کاشتکاروں سے اپیل کی ہے اور سماج کے تمام طبقات سے خواہش کی ہے کہ آج کا ریاست گیر بند منایا جائے کیوں کہ کمارا سوامی قرض معاف کرنے کے اپنے تیقن کی تکمیل سے قاصر ہیں۔ کل کمارا سوامی نے کہا تھا کہ وہ کانگریس کے رحم و کرم پر ہیں۔ کرناٹک کے 6.5 کروڑ عوام کے رحم و کرم پر نہیں۔ کرناٹک اُن کے خیال کے مطابق اُنھیں مکمل اختیارات دینے سے قاصر رہا جس کی اُنھوں نے خواہش کی تھی۔ کرناٹک کانگریس قائدین بشمول کمارا سوامی قلمدانوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کے لئے دہلی پہونچ چکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے درمیان کلیدی قلمدانوں کے بارے میں بشمول وزارت فینانس اختلافات پائے جاتے ہیں۔ اس سوال پر کہ قبل ازیں کمارا سوامی نے بیان دیا تھا کہ وہ حکومت اُسی صورت میں تشکیل دیں گے جبکہ جے ڈی ایس کے انتخابی منشور پر عمل آوری سے اتفاق کرلیا جائے۔ دیوے گوڑا نے کہاکہ تبادلہ خیال جاری ہے۔ جب وزارت فینانس اُن کی پارٹی کو نہ دیا جائے تو کیا کیا جاسکتا ہے۔