کمارا سوامی کابینہ میں 22 ڈسمبر کو توسیع ہوگی

بنگلورو ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تجسس کو ختم کرتے ہوئے کرناٹک میں کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) مخلوط حکومت نے اعلان کیا کہ ایچ ڈی کمارا سوامی کابینہ میں 22 ڈسمبر کو توسیع کی جائے گی۔ یہ فیصلہ حکومت کے اتحادی جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے کیا گیا جس کا ایک اجلاس یہاں چہارشنبہ کو سابق چیف منسٹر سدارامیا کی صدارت میں منعقد ہوا تھا۔ اس کمیٹی کے دو گھنٹے طویل اجلاس کے بعد سدارامیا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس تاریخ سے متعلق فیصلہ کرنے سے قبل صدر کانگریس راہول گاندھی اور جے ڈی (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا سے اس سلسلہ میں مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس توسیع میں کابینہ میں کانگریس کے چھ ارکان اور جے ڈی ایس کے دو ارکان کو شامل کیا جائے گا اور گیا کہ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسی دن ارکان اسمبلی کو کارپوریشنس اور بورڈس کے صدور کی حیثیت سے مقرر کیا جائے گا۔ کابینہ میں جلد توسیع کیلئے ارکان اسمبلی کی جانب سے آواز اٹھائی جارہی تھی بالخصوص کانگریس کی جانب سے۔ جس میں چند ارکان اس تاخیر پر کھلے طور پر ناراضگی کا اظہار کررہے تھے۔ یہ کمارا سوامی کابینہ میں دوسری توسیع ہوگی۔ فی الوقت اس کے ارکان کی تعداد 26 ہے۔ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے بعد اس سال مئی میں کانگریس اور جے ڈی ایس کو اقتدار حاصل ہوا۔ جون میں پہلی توسیع کے بعد کانگریس کے وزیر بننے کے خواہشمند ارکان اسمبلی میں بے اطمینانی اور بے چینی تھی۔ کابینہ میں دوسری توسیع اکٹوبر میں متوقع تھی لیکن اسے ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ مخلوط حکومت میں شریک سیاسی پارٹیوں میں سنگین اختلافات پیدا ہوگئے تھے جو اب دور ہوچکے ہیں جبکہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے نے کرناٹک حکومت زوال پذیر ہونے کی بھی پیش قیاسی کردی تھی۔