کل جماعتی اجلاس کا انعقاد

محبوب نگر ۔/19مئی ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی المیوا کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیںبلکہ اس کا بنیادی مقصد تمام شعبہ ہائے حیات میں مسلمانوں کو ترقی کیلئے تحفظات کا حصول ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب شیخ فاروق حسین صدر ضلع ٹی المیوا نے جڑچرلہ ایم ڈی او آفس میں المیوا کے زیر اہتمام کل جماعتی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت محمد یوسف ٹی آر ایس قائد نے کی۔ انہوں نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر اقوام کے مساوی حقوق کے مسلمان مستحق ہیں۔ ملک کے مسلمانوں کی بڑی تعداد تمام میدانوں میں پسماندہ ہے انہیں احساس کمتری کے خول سے باہر نکالنے کیلئے المیوا اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں 12فیصد تحفظات کا مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا اس کے حصول کیلئے تحریک کا عملاً آغاز کردیا گیا ہے۔ اجلاس کو مخاطب کرنے والوں میں حفیظ الرحمن ٹی ڈی پی قائد، محمد یوسف نقشبندی کنوینر انڈین یونین ضلع مسلم لیگ، محمد امتیاز خاں کوآپشن ممبر، محمد جہانگیر، محمد اظہر، محمد مقیت، محمد قیوم، محمد نصیر الدین، محمد غلام حسین، نور پاشاہ، شیخ قاسم شامل ہیں۔ اس موقع پر محبوب نگر میں منعقد ہونے والے 25مئی کے جلسہ عام کے پمفلٹس کی رونمائی کی گئی۔