کلواکرتی میں یوتھ کانگریس کی رکنیت سازی کا آغاز

کلواکرتی۔/28فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی حلقہ اسمبلی کے پانچ منڈلوں میں یوتھ کانگریس کی ممبر شپ کا آغاز عمل میں آیا۔ جبکہ آج مقامی کانگریس ایم ایل اے ڈاکٹر چلا ومشی چند ریڈی نے کلواکرتی منڈل کے مکرالا گاؤں میں منڈل یوتھ صدر اور ٹاؤن یوتھ صدر محمد یوسف بابا کی موجودگی میں ممبر شپ کی رسید نوجوانوں میں تقسیم کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آـج ملک کو نوجوانوں کی سخت ضرورت ہ۔ نوجوانوں کو سیاست میں بھرپور حصہ لینا چاہیئے جب تک نوجوان سیاست میں آگے نہیں آئیں گے ملک کی تیز رفتار ترقی ممکن نہیں ہوگی۔ جب نوجوان عملی سیاست میں آگے بڑھیں تو رشوت خوری اور کالا بازاری پر پوری طرح روک لگ سکتی ہے کیونکہ نوجوانوں میں کام کا جذبہ بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ آج جب ہم سیاست پر نظر ڈالیں تو ہمیں اکثر زیادہ عمر کے لوگ ہی نظر آتے ہیں، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ بڑے لوگ نوجوانوں کو آگے کرتے ہوئے ان کی سرپرستی کرتے یہ کام صرف کانگریس ہی کے ذریعہ ممکن ہے۔ اور کانگریس ہمیشہ نوجوانوں کو بھرپور موقع دیتی ہے جس کی مثال میں خود ہوں۔لہذا نوجوانوں کو چاہیئے کہ یوتھ کانگریس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔ اس موقع پر ایم ایل اے کے ہمراہ منڈل یوتھ صدر اور ٹاؤن یوتھ صدر یوسف بابا ، جنگیا، انجینلو، یادیا، مہیش، سریکانت وغیرہ موجود تھے۔