کلارک نے اپنے کریئر کا آخری ٹسٹ کھیل لیا؟

اڈیلیڈ۔13ڈسمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے آج اعتراف کیا ہے کہ اب جب کہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے مابقی مقابلوں میں وہ شرکت نہیں کرپائیں گے اور ہوسکتا ہے کہ کبھی ٹسٹ کرکٹ بھی نہ کھیل پائیں ۔ کلارک جو کہ اڈیلیڈ ٹسٹ کی پہلی اننگز سے ہی پیٹھ کی تکلیف سے پریشان ہیں اور پہلی اننگز کی بیٹنگ کے دوران بھی وہ اپنی اننگز کو ادھوری چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے تھے ۔ نیز آج دوپہر میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کی پیٹھ کی تکلیف میں شدت ہوچکی ہے اور وہ ہندوستان کے خلاف مابقی مقابلوں میں شرکت نہیںکرپائیں گے ۔ کلارک نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس دیکھنے کے بعد میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یقینی طور پر میں کتنا عرصہ کرکٹ سے دور رہوں گا تاہم ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان اور انگلینڈ کے خلاف منعقدشدنی سہ رخی سیریز میں واپسی میری خواہش ہوگی ۔ کلارک نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ وہ شاید ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیںکرپائے یا ہوسکتا ہے کہ اب وہ کبھی کرکٹ ہی نہیں کھیل پائے ۔ دریں اثناء کلارک نے اپنے فزیو اور ڈاکٹر س سے اظہار تشکر بھی کیا کہ ان کی کوششوں کی بدولت وہ پہلے ٹسٹ میں شرکت اور بہتر مظاہرہ کرپائے ہیں ۔ برسبین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ کیلئے فاسٹ بولر میچل اسٹارک کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔