سڈنی ، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)سابق آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک آج ملبورن اسٹارس کے ساتھ اپنی بگ باش لیگ معاملت سے دستبردار ہوگئے اور کہا کہ وہ اس کھیل سے غیرمعینہ وقفہ لیں گے۔ 34 سالہ کھلاڑی جو اپنے دور کے غیرمعمولی بیٹسمینوں میں سے ہیں ، گزشتہ ماہ اوول میں پانچویں و آخری ایشز ٹسٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے ۔ کلارک سے توقع تھی کہ وہ آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 لیگ میں اسٹارس کے ساتھ اپریل میں دستخط کئے گئے دو سالہ معاہدہ کا پاس رکھیں گے ، لیکن انھوں نے کہاکہ انھیں کرکٹ سے دور رہنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے ٹریپل ایم ریڈیو کو بتایا کہ سردست میرا بدن اور میرا ذہن اہمیت کے حامل ہیں جنھیں کچھ وقت کیلئے کرکٹ کے کھیل سے دور رہنے کی ضرورت ہے اور پھر دیکھتے ہیں اُس کے بعد کیا ہوتا ہے ۔ کلارک طویل عرصہ پیٹھ کے مسائل سے دوچار رہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی نے انھیں اپنے وسیع تر مستقبل پر غور کرنے کا موقع فراہم کیا جبکہ اُن کی حاملہ بیوی کائیلی اس جوڑے کی پہلی اولاد کو جنوری میں جنم دینے والی ہیں۔ کلارک نے کہاکہ کرکٹ میری زندگی کا بڑا حصہ رہا ہے لیکن اب انٹرنیشنل کرکٹ سے میں سبکدوش ہوچکا اور مجھے فی الحال کرکٹ کے کھیل سے خود کو کچھ عرصہ دور رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہاکہ جب آپ کھیل رہے ہوتے ہو تو اچھی سے اچھی کارکردگی کیلئے اعظم ترین سعی کرتے ہو اور اب میں نے اُس معاملے میں توقف لے لیا ہے ۔ کلارک نے کامیاب بیٹسمین کی حیثیت سے آسٹریلیا کیلئے 115 ٹسٹ کھیلتے ہوئے 8643 رنز بنائے ہیں۔