خوبصورت لگنا اور نظر آنا ہر عورت کی اولین خواہش ہوتی ہے لیکن اگر اس میں انفرادیت کا پہلو نمایاں ہو تو آپ اسٹائلش کہلائیں گی۔ یوں تو حسن اور پیرہن دونوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے کیونکہ لباس کوشخصیت کا آئینہ بھی کہا گیا ہے لہٰذا لباس پر بھرپور توجہ دیں۔ لباس کو ہمیشہ شخصیت سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔
ایسا لباس جو آپ کی شخصیت پر جچتانہ ہو اسے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ اکثرخواتین کو اس بات کی سمجھ نہیں ہوتی وہ اپنے لئے ایسے فیشن ایبل لباس کا انتخاب صرف اس لیے کر لیتی ہیں تاکہ وہ فیشن کی دوڑ میں شامل ہو سکیں اور اس بات کو یکسر نظرا نداز کردیتی ہیں کہ آیا وہ لباس ان پر جچ بھی رہا ہے یا نہیں۔ کشیدہ کاری ایک ایسا فن ہے جو لباس کی خوبصورتی کو بڑھا دیتا ہے اس کیلئے اس بات کو مدنظر رکھنا نہایت ضروری ہے کہ یہ کشیدہ کاری کس خاتون کیلئے کی جارہی ہے اس کی شخصیت کیسی ہے اس کے علاوہ خریدنے یا کشیدہ کاری کروانے الی خواتین کو بھی اپنی شخصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی اپنے لئے ڈیزائن اور اسٹائل کا انتخاب کرنا چاہئے۔ البتہ ہاتھ کی کڑھائی میں وقت بہت زیادہ ضائع ہوتا ہے اس لئے زیادہ تر خواتین بازار سے مشینی کڑھائی کروانا ہی پسند کرتی ہیں۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشیدہ کاری لباس کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔