پورنیا( بہار) ۔ یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے کشن گنج لوک سبھا حلقہ میں اسوقت ایک خاندان تمام سیاسی جماعتوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کیونکہ اس خاندان میں ایک دونہیں بلکہ 48ووٹرس موجود ہیں۔ پورنیا ضلع کے موضع گنا گاچی میں 86سالہ ارزاد علی کا 96نفوس پر مشتمل خاندان آباد ہے۔ چونکہ انتخابی امیدوار کے لئے ہر گھر کی اہمیت ہے لہذا ہر پارٹی کا امیدوار ارزاد علی کے خاندان سے ملاقات ضرور کرتا ہے کیونکہ کسی بھی امیدوار کو ایک ہی چھت کے نیچے اتنے زیادہ ووٹرس کہیں اور نہیں مل سکتے۔ دریں اثناء ارزاد علی نے بتایا کہ ان کے آٹھ بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ آٹھ بیٹوں کے 49 بچے ہیں جن میں سب سے چھوٹا بچہ کی پیدائش صرف دو روز قبل ہوئی ہے۔ اس خاندان کی روایت رہی ہے کہ وہ انتخابات کے دوران ایک ہی پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔ ہر انتخابات سے قبل جب ووٹنگ کا وقت آتا ہے تو اس سے ایک یا دو روز قبل ارزاد علی کی قیادت میں تبادلہ خیال کی جاتا ہے اور کسی ایک پارٹی کے حق میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔ جس کے بعد خاندان کے سبھی افراد اسی پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔ ارزاد علی کے سب سے چھوٹے بیٹے اشفاق نے فخریہ انداز میں یہ کہا کہ کس پارٹی کو ووٹ دینا ہے اس فیصلہ کے لئے تبادلہ خیال کے دوران گھر کی خواتین کا بھی اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ قبل ہمارا خاندان صرف اندرا گاندھی کی وجہ سے کانگریس کا مداح تھا لیکن اب وقت بدل گیا ہے۔ کشن گنج میں ووٹنگ تیسرے مرحلہ میں یعنی 24اپریل کو ہوگی۔ جہاں سے کانگریسی امیدوار مولانا اسرارالحق دوبارہ انتخاب کیلئے میدان میں ہیں اور انہوں نے ارزاد علی کے خاندان سے ملاقات بھی کی ہے۔