نئی دہلی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج بی جے پی صدر امیت شاہ کے ساتھ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے کشمیر گئے کل جماعتی وفد کی قیادت کی تھی ۔ ایک گھنٹہ طویل اجلاس میں وزیر فینانس ارون جیٹلی ‘ دفتر وزیر اعظم میں منسٹر آف اسٹیٹ جتیندر سنگھ اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو بھی شریک تھے ۔ جس وفد نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا اس کے ارکان سے کل حکومت تبادلہ خیال کرنے والی ہے ۔ آج کے اجلاس میں اس مسئلہ پر بھی غور کیا گیا ۔ رام مادھو نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی وفد کے دورہ کے بعد آج ہم نے ملاقات کرتے ہوئے جموںو کشمیر میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر غور کیا ہے اور حکومت کل ہونے والے اجلاس کے بعد کچھ اعلانات کریگی ۔ اس سوال پر کہ آیا حکومت کشمیری علیحدگی پسندوں کے خلاف سخت کارروائی پر غور کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ تمام تجاویز کل جماعتی وفد کے سامنے پیش کی جائیں گی اور غور کیا جائیگا ۔ حکومت کل جماعتی وفد کے ارکان سے کل تفصیلی تبادلہ خیال کرنے والی ہے ۔