کشمیر میں قوم پرست حکومت درکار : امیت شاہ

کٹھوا (جموں و کشمیر) ۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں آنے والے اسمبلی چناؤ پر نظر رکھتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج اس ریاست میں ’’قوم پرست حکومت‘‘ کیلئے پرزور اپیل کی اور عوام سے کہا کہ اس ریاست کو ’’عبداللہ اور مفتی گھرانوں‘‘ سے آزاد کرتے ہوئے ان کی پارٹی کو برسراقتدار لائیں۔ گذشتہ ماہ بی جے پی سربراہ بننے کے بعد اس ریاست کو پہلے دورہ پر امیت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر قوم پرست حکومت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سرحدی ریاست ہے اور اس کے اتحاد اور یکجہتی کا تحفظ کرنا ہوگا۔ یہاں عوامی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے گھرانوں کی سیاست پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی، کانگریس سے پاک بھارت بنانے کی جدوجہد کررہی ہے اور جموں و کشمیر اس ملک کا حصہ ہے۔ لہٰذا جموں و کشمیر کو کانگریس سے پاک بنانے کیلئے آپ کو یہ ریاست عبداللہ اور مفتی گھرانوں سے آزاد کرانی ہوگی۔ جموں و کشمیر میں عبداللہ فیملی کی جگہ مفتی آجاتے ہیں اور اسی طرح چلتا رہتا ہے۔ حکومتیں بدلتی ہیں لیکن عوام اور ریاست کی ترقی بدستور مفلوج ہے‘‘۔