محبوبہ مفتی اور ریاستی بی جے پی صدر کو گورنر نے طلب کیا ۔ پی ڈی پی کے اجلاس میں محبوبہ مفتی کو فیصلے کا اختیار
جموں / سرینگر ۔یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا نے پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی اور ریاستی صدر بی جے پی ست پال شرما کو کل ملاقات کیلئے طلب کرتے ہوئے اُن سے خواہش کی کہ وہ تشکیل حکومت کے بارے میں اپنا موقف واضح کریں ۔ پی ڈی پی ترجمان نعیم اختر نے کہاکہ گورنر نے کل ملاقات کیلئے ( محبوبہ مفتی) کو طلب کیا ہے ۔ ذرائع کے بموجب گورنر نے ایک مراسلہ پی ڈی پی کی سربراہ کو کل شام روانہ کیا تھا ۔ محبوبہ امکان ہیکہ گورنر سے کل دوپہر ملاقات کریں گی ۔ بعدازاں این این ووہرا کی صدر ریاستی بی جے پی سے ملاقات ہوگی۔ صدر بی جے پی ست پال شرما نے کہا کہ ہم گورنر سے کل شام ملاقات کرینگے ۔ بی جے پی کے اہم گروپ جنرل سکریٹری اشوک کول کی قیامگاہ پر اہم گروپ کا ایک اجلاس منعقد ہوا تاکہ آئندہ لائحہ عمل کا تعین کیا جاسکے ۔ ایک دن قبل محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ اُن کی پارٹی کو دوبارہ تخمینہ کرنا ہے کہ تشکیل حکومت کیلئے بی جے پی سے اتحاد برقرار رکھا جائے یا نہیں ۔ گورنر کے مکتوب کے پیش نظر پی ڈی پی نے بھی آج مقننہ پارٹی کا اجلاس طلب کیا ۔ گورنر کی پی ڈی پی اور بی جے پی سے مشاورت کو قبل از وقت ریاست میں اسمبلی انتخابات سے گریز کی لمحہ آخر کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ چار گھنٹہ طویل اجلاس کے بعد کل پارٹی کے قائدین نے محبوبہ مفتی سے کہا کہ پی ڈی پی تشکیل حکومت کی اپیل اس وقت قبول کریگی جبکہ محبوبہ مفتی کو یقین ہوجائے کہ مفتی محمد سعید کے نظریہ اور مقصد کی پیشرفت جاری رہے گی اور اس پر لفظاً و معناً عمل کیا جائے گا ۔ دریں اثنا نیشنل کانفرنس قائد فاروق عبداللہ نے آج کہا کہ اگر پی ڈی پی تشکیل حکومت کیلئے تیار نہیں ہیں تو تازہ انتخابات کا انعقاد ہونا چاہیئے ۔ یہی واحد راستہ ہے ۔ کوئی دوسری پارٹی ان کے ساتھ حکومت تشکیل دینے تیار نہیں ہے اور اگر پی ڈی پی یہی چاہتی ہے تو وقت کا تقاضہ ہے کہ وہ تازہ انتخابات کی خواہش کرے ۔ سرینگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب پی ڈی پی کی مقننہ پارٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا ۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا محبوبہ مفتی کو مقننہ پارٹی قائد منتخب کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹری کے امیدوار کی حیثیت سے رسمی طورپر اُن کو پیش کرنا تشکیل حکومت کی لازمی شرط ہے ۔ مقننہ پارٹی نے محبوبہ کو پی ڈی پی کے نقطہ نظر سے گورنر کو واقف کروانے کا اختیار دے دیا ہے ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قائد نعیم اختر نے کہا کہ محبوبہ کل دوپہر گورنر سے ملاقات کریں گی ‘ پی ڈی پی کے 87رکنی اسمبلی میں 27 اور بی جے پی کے 25 ارکان اسمبلی ہیں ۔ دونوں نے مفتی محمد سعید کے 7جنوری کو انتقال سے قبل 10ماہ تک مخلوط حکومت چلائی ہے ۔ اس دوران بی جے پی کی جموں و کشمیر شاخ نے آج کہا کہ وہ گورنر سے ملاقات کرکے تشکیل حکومت کے بارے میں تبادلہ خیال سے پہلے پارٹی کی مرکزی قیادت سے مشورہ کرے گی۔ ریاست میں بی جے پی کے اہم گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ مخلوط اتحاد کی شریک پی ڈی پی نے کوئی ٹھوس مطالبہ پیش نہیں کیا ہے اور بی جے پی اتحاد کے ایجنڈہ پر عمل آوری کی پابند ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی کے صدر ست پال شرما نے کہا کہ آج ہم نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ہمارے دو یا تین ارکان دہلی جائیں گے اور مرکزی قیادت سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ریاستی جنرل سیکریٹری بی جے پی اشوک کول کی قیام گاہ گاندھی نگر میں منعقدہ اجلاس کے بعد شرما نے کہا کہ ہم (گورنر) سے ملاقات کریں گے اور آج کے اس اجلاس میں تشکیل حکومت کے بارے میں ہمارا جو موقف ہے، اس سے انہیں واقف کروائیں گے۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ اگر کوئی مسئلہ پی ڈی پی کی جانب سے اٹھائے جائے تو اس کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ بی جے پی نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ کسی دباؤ کو قبول نہیں کریگی ۔