کشمیر میں اصل دھارے کی جماعتوں کیلئے سیاسی جگہ سکڑ گئی : عمر عبداللہ

نئی دہلی ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ وادی کے عوام اصل دھارے کی جماعتوں کے لیے رغبت نہیں رکھ رہے ہیں ۔ جن کی سیاسی جگہ ریاست کی ابتر ہورہی صورتحال کے باعث سکڑ گئی ہے ۔ کل رات یہاں ایک کتاب کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو لال قلعہ کی فصیل سے بار بار دھرائے جانے والے الفاظ سے زیادہ کی ضرورت ہے بظاہر وہ وزیراعظم نریندر مودی کی تقاریر کا حوالہ دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں اصل دھارے کی سیاسی جگہ سکڑ گئی ہے لیکن اس میں کمی اور اضافہ ہوتا ہے ۔ یہ مستقل نہیں ہوتی ۔ علحدگی پسندوں اور اصل دھارے کی جماعتوں کے درمیان فاصلہ آتا ہے اور جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے عوام نے گذشتہ سال اس وقت امید کی ایک کرن دیکھی تھی جب وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام کو گلے لگانے کی ضرورت کے بارے میں بات کی تھی ۔ بجائے گولیوں کا استعمال کرنے کے لیکن اس 15 اگست سے آئندہ 15 اگست تک کچھ بھی تبدیلی نہیں آئی ۔ اس سال بھی وہی الفاظ دہرائے گئے ۔۔