کشمش کو تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا جو کہ انگور خشک کرکے بنائی جاتی ہے اور اس کی رنگت گولڈن، سبز یا سیاہ ہوسکتی ہے۔
یہ مزیدار میوہ عام استعمال کیا جاتا ہے مگر اکثر افراد اسے رات کو پانی میں بھگو کر صبح نہار منہ استعمال کرتے ہیں تو کیا یہ واقعی کسی قسم کا فائدہ پہنچاتا ہے؟
اکثر افراد اسے فائدہ مند سمجھتے ہیں جانیے طبی ماہرین کیا کہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کشمش کو رات میں ایک گلاس پانی میں بھگو کر اگلی صبح خالی پیٹ کھالینا صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق رات کو پانی میں بھگو دن کا آغاز کشمش کھا کر اور پانی پینے کرنے سے جسم کو وٹامنز اور منرلز ملتے ہیں جو اس میوے کی اوپری سطح سے پانی میں جذب ہوجاتے ہیں۔
اس کے فوائد درج ذیل ہیں مگر اس سے پہلے جان لیں کہ کیا ذیابیطس کے مریض کشمش سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں؟
اس کی تفصیل میں جانے سے پہلے یہ جان لیں کہ کسی بھی چیز میں موجود مٹھاس ذیابیطس کے لیے اتنی اہم نہیں ہوتی جتنی اس میں موجود گلیکسمیک انڈیکس (جی آئی)۔
جی آئی ایک پیمانہ ہے کہ جو بتاتا ہے کہ کاربوہائیڈریٹ والی غذا کا کتنا حصہ کھانے کے بعد اس میں موجود مٹھاس (گلوکوز) مخصوص وقت میں خون میں جذب ہوسکتی ہے اور یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کو اپنا بلڈ گلوکوز لیول کنٹرول میں رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی غذا ایسی ہونی چاہئے جو اس لیول کو کنٹرول میں رکھ سکے۔ تو ایسے مریضوں کے لیے 15 گرام کاربوہائیڈریٹ کسی پھل کے ذریعے جسم کا حصہ بننا نقصان دہ نہیں، آسان الفاظ میں ذیابیطس کے شکار افراد کشمش کھاسکتے ہیں مگر محدود مقدار میں یا اعتدال میں رہ کر۔
کتنی مقدار کھائی جاسکتی ہے؟
2 کھانے کے چمچ کشمش میں 15 گرام کاربوہائیڈریٹس ہوتی ہے توایک یا آدھا چمچ کھانے سے بلڈشوگر لیول پر کچھ زیادہ اثرات مرتب نہیں ہوتے، مگر کھانے سے پہلے اگر ڈاکٹر سے بھی مشورہ کرلیں تو بہتر ہے۔
اب فوائد کے بارے میں جان لیں۔
بلڈ پریشر کنٹرول کرے
پانی میں بھگو کر کشمش کو استعمال کرنے سے جسم میں جذب ہونے والے غذائی اجزا کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور یہ ایسے افراد کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے جو ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہوں۔ اس میں موجود پوٹاشیم جسم میں نمکیات کو متوازن کرتا ہے، جس سے بلڈ پریشر لیول کنٹرول ہوتا ہے۔
نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے
کشمش فائبر سے بھرپور میوہ ہے اور یہ پانی میں بھگو کر کھانے پر جلاب کی طرح کام کرتا ہے، جس سے قبض سے نجات ملتی ہے اور نظام ہاضمہ درست طریقے سے کام کرتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی
کشمش قدرتی شکر سے بھرپور ہوتی ہے اور چینی کی طلب کی روک تھام کرتی ہے، مگر اعتدال میں رہ کر کھانا ہی بہتر ہوتا ہے جس سے بلڈشوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ کھانے کی اشتہا کو قابو کرنے میں مدد ملتی ہے، جس سے جسمانی وزن میں کمی میں مدد ملتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
کشمش میں ہڈیوں کے لیے ضروری جز Boron موجود ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود کیلشیئم بھی ہڈیوں کی مضبوطی میں مدد دیتے ہیں، پانی میں بھگو کر کشمش کو کھانے سے یہ اجزا زیادہ بہتر طریقے سے جسم میں جذب ہوتے ہیں، جس سے ہڈیوں کی کثافت میں بہتری آتی ہے۔
سانس کی بو دور کرے
کشمش کی جراثیم کش خصوصیات منہ کی صفائی میں مدد دیتی ہیں اور سانس کی بو کا مسئلہ دور کرتی ہیں۔
خون کی کمی دور کرے
خون کے سرخ خلیات بننے کے عمل کے لیے آئرن بہت ضروری ہوتا ہے، کشمش آئرن سے بھرپور میوہ ہے، جس کو پانی میں بھگو کر کھانے سے جسم میں خون کی سپلائی بڑھتی ہے اور انیمیا کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔