کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

سنگاریڈی میں کانگریس کا دھرنا، سابق رکن اسمبلی پرکاش ریڈی کا خطاب

سنگاریڈی۔/27اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی ٹی جئے پرکاش ریڈی نے آج کانگریس کارکنوں کے ہمراہ تحصیل آفس سنگاریڈی کے روبرو کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی ٹی جئے پرکاش ریڈی نے احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک کو خشک سالی سے متاثرہ ضلع قرار دیئے جانے کے باوجود کسانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ ضلع کے دیہی علاقوں میں شدید آبی قلت پائی جارہی ہے جس سے عوام بالخصوص کسانوں کو کئی ایک پریشانیوں کا سامنا درپیش ہے۔ پانی کی قلت کی وجہ سے اور شدید گرمی کے باعث جانور فوت ہورہے ہیں۔ اسی طرح لو لگنے سے کئی ایک افراد بھی فوت ہورہے ہیں ان کے افراد خاندان کو فی کس 5لاکھروپئے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ خشک سالی سے متاثرہ عوام کی فلاح و بہبود اور راحت پہنچانے کے بجائے اپوزیشن جماعتوں کی خرید و فروخت میں مصروف ہے۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر کسانوں کی فلاح و بہبود کے بجائے اپنی پارٹی کی تشہیر کے نام پر منعقد کردہ پلینری میں مصروف ہیں جبکہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کو ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کی فکر ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بدترین خشک سالی سے گذررہی ہے، عوام شدید ترین گرمی سے پریشان حال ہیں، آبی بحران کا سامنا ہے، جانوروں کو چارہ دستیاب نہیں ہے۔ حکومت ان مسائل کی یکسوئی میں یکسر ناکام ہے بلکہ نچلی سطح کی سیاست میں مصروف ہے ۔ کسانوں کے مسائل کی عدم یکسوئی پر کانگریس خاموش تماشائی نہیں بنے گی بلکہ جمہوری انداز میں احتجاج کرتے ہوئے کسانوں و عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کوشش کرے گی۔ اس موقع پر تو پاجی اننت کشن چیرمین ڈسٹرکٹ لائبریریز، شنکر ریڈی صدر بلاک کانگریس، شیخ جابر صدر ٹاؤن کانگریس، معراج خان ہاشمی، محمد قطب الدین، انجینلو، لکشما ریڈی، مرزا امیر بیگ، سنتوش و دیگر کانگریس کارکن موجود تھے۔ بعد ازاں کسانوں کے مسائل پر مبنی ایک تحریری یادداشت تحصیلدار گوردھن کو پیش کی گئی۔