کسانوں کی خوشحال زندگی کیلئے مواقع کی فراہمی

کریم نگر۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شعبہ زراعت کو ایک انتہائی منافع بخش صورت حال میں تبدیلی کی جاکر کسانوں کو خوشحال زندگی گذارنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے یہ تیقن دیا، عنقریب ریاست بھر میں سبھی کسانوں کو مٹی کی جانچ کے کارڈس حوالے کئے جائیں گے۔ ریاست جھارکھنڈ چنڈیالہ کی طرح سے کم جگہ میں زیادہ سے زیادہ مچھلیوں کی افزائش کرنے کیلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں کبھی بھی اس قدر فنڈز مختص نہیں کئے گئے تھے اس طرح سے زرعی ترقی کے لئے8.611 کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے۔ زرعی شعبہ سے وابستہ کئی شعبہ جات کے لئے سبیسڈی دی جارہی ہے۔ ضلع پریشد دفتر میٹنگ ہال میں منگل کی شام زرعی شعبہ سے وابستہ مسائل پر منعقدہ اجلاس میں وزیر فینانس و سیول سپلائیز ایٹالہ راجندر کے ساتھ مہمان خصوصی پوچارم سرینواس نے شرکت کی۔ حکومت چیف وہپ کوپولا ایشور، بال کشن، تلا اوما، کلکٹر ویرا برہمیا، جے سی سرفراز احمد و دیگر ارکان اسمبلی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر مسٹر سرینواس نے زراعت سے متعلقہ تمام شعبہ جات کے لئے حکومت کے ترقیاتی پروگراموں سے واقف کروایا۔ جھار کھنڈ چنڈیال میں مختصر جگہ میں ہزاروں کی تعداد میں مچھلیوں کی افزائش کے لئے کئے جارہے اقدامات کی ویڈیو فلم دکھلائی گئی۔

بعد ازاں زیڈ پی ٹیز، ایم پی پی سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور آپ مل کر بکریاں، بھینس، مچھلی کی افزائش کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ تلنگانہ سے روزگار کے لئے دوسرے مقامات کو منتقل ہونے والے دوبارہ اپنے آبائی گاؤں آکر خوشحال زندگی گذارسکیں یا ریاست کی تمام زمینات کا سروے جانچ کرکے اس زمین میں کس قسم کی پیداوار منافع بخش ہوگی اس سے واقف کروایا جائے گا۔ اس کام کیلئے بجٹ میں 20 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استرندھی کے تحت ایک ڈاکرا مہیلا کو کم از کم دو بھینسوں کی خریدی کیلئے بغیر سودی قرض دیا جائے گا، 80 ہزار روپئے اور دانہ چارہ کی خریدی کیلئے50فیصد سبسیڈی بھی دی جائے گی۔ جہاں پانی کی سہولت ہو وہاں 4میٹر لمبائی 6میٹر چوڑائی کی گنجائش میں چھ ہزار مچھلی کے بچوں کی افزائش کے لئے مناسب رعایت دی جائے گی جس کے لئے 50کروڑ مختص کئے گئے ہیں ۔ کولڈ اسٹوریج تعمیر کرنے کے لئے آگے آنے پر 75فیصد مرکزی حکومت خرچ برداشت کرے گی۔ حکومتی ادارہ آگے آنے پر 90فیصد سبسیڈی دی جائے گی اس کے لئے مرکزی حکومت تیار ہے۔ تلنگانہ میں اعلیٰ اقسام کے تخم کی تیاری، ذخیرہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ سوکھشما سیدیم طریقہ آبپاشی کے کسانوں کو درکار آلات 80فیصد رعایت اس میں ہو تو 90فیصد رعایت دی جائے گی۔