کسانوں کی خودکشی کیلئے ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار

خانہ پور 30 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کررہی ہے جس کی وجہ سے ریاست تلنگانہ کے کسان خودکشی پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کانگریس قائد کے گنگا راؤ صدر منڈل کانگریس خانہ پور نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کسانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہے اور کاشتکاروں کے تعلق سے لاپرواہی برت رہی ہے۔ تلنگانہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کے باوجود حکومت کسانوں کے مسائل پر توجہ نہیں دیتی۔ جس پر کانگریس خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ ریاست بھر میں احتجاج منظم کرے گی۔ کانگریس منڈل قائد کے گنگا راؤ نے کہاکہ کسان انتہائی اقدام نہ کریں کچھ دن اور صبر کریں۔ اس لئے کہ ٹی آر ایس حکومت کے بُرے دن آچکے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست کے عوام بالخصوص ریاست کے کسان ٹی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی تیاریوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے ایک احتجاجی ریالی منظم کی اور دفتر تحصیل پہنچ کر تحصیلدار اے نریندر کو یادداشت پیش کی۔ اس موقع پر کانگریس قائد سریش کمار، رمیش، ایم گنگا دھر کے علاوہ کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔