عادل آباد۔23اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد مارکٹ کمیٹی کو سات کروڑ روپئے اور BELAمارکٹ کمیٹی کو دو کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے جہاں مختلف ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کو ترجیح دی جارہی ہے وہیں آبی پراجکٹ تعمیر کی خاطر کسانوں سے حاصل کردہ اراضی کا معاوضہ ادا کرنے کی غرض سے ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن کو ایک سو کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ یہ بات ریاستی وزیر آبپاشی و مارکیٹنگ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے اپنے عادل آباد دورہ کے موقع پر تالامڈگو منڈل کے موضع ریاڈی میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی جبکہ اس موقع پر ریاستی وزراء میں مسرز جوگو رامنا ‘ اے اندرا کرن ریڈی کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی میں مسرز راٹھوڑ بابو راؤ ‘ کونیرو کونپا ‘ وٹھل ریڈی ‘ چنیا ‘ رکن لوک سبھا مسٹر جی ناگیش ‘ صدرنشین ضلع پرجا پریشد شریمتی شوبھا رانی ‘ ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن بھی موجود تھے ۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ضلع عادل آباد کو ہر شعبہ میں ترقی دلانے کی غرض سے حکومت کی ترقیاتی تعمیراتی کاموں کو عملی جامہ پہنارہی ہے ۔ ضلع میں 150کروڑ روپئے کے صرف سہ زرعی مارکٹ کمیٹی کے احاطہ میں 45 گوداموں کو تعمیر کیا جارہا ہے جس سے زراعت پیشہ افراد اپنی فصل کا ذخیرہ محفوظ کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر موصوف نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی عدم دلچسپی کی بناء پر کسانوں کو نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ کاٹن نرخ میں کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کپاس کی قیمت فروخت پر فی کنٹل ایک ہزار روپیہ بونس کے طور پر ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ریاست کے دیگر زرعی مارکٹ کمیٹیوں کے بالمقابل ضلع عادل آباد میں صنعت کاروں کی جانب سے کپاس کو خاطرخواہ قیمت ادا کرنے پر اظہار مسرت کیا ۔ قبل از مستقر عادل آباد مارکٹ کمیٹی کے احاطہ میں ایک الکٹرانک اوزان پیمائش کا افتتاح انجام دیا ۔ موضع اورم کے پاس موجودہ متھڈی واگو پراجکٹ کا معائنہ بھی کیا اور ریاڈی کے محرم جلوس میں شرکت کرنے کے علاوہ علم کو نذرانہ عقیدت کے طور پر ڈھٹی بھی چڑھائی جبکہ ریاستی وزیر مسٹر جوگورامنا نے محرم جلوس سے متاثر ہوکر اس کو قومی یکجہتی کا گہوارہ قرار دیا ۔ بناکسی بھیدبھاؤ کے محرم جلوس میں ہندو مسلم کی شرکت پر اظہار مسرت بھی کیا ۔