کریم کا شاندار مظاہرہ، پرتگال کیخلاف فرانس 2-1 سے کامیاب

پیرس۔ 13؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ فرانس نے گھریلو میدانوں اور مقامی شائقینکا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں کھیلنے والی پرتگالی ٹیم کو بین ا لاقوامی فٹبال میچ میں 1-2 سے شکست دی۔ کریم بنزیما کی شاندار کارکردگی نے میزبان ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ کرسٹیانو رونالڈوسخت محنت کے باوجود اپنا تاثر قائم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔رونالڈو نے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا تھا لیکن اس سے زیادہ وہ کچھ نہ کرپائے۔ قبل ازیں کریم بنزیما نے میچ کے ابتدائی منٹوں میں فرانس کو برتری دلائی اور 69 ویں منٹ میں پال پوگباکو آسان پاس فراہم کرکے دوسرے گول میں مدد دی۔ فرانس کے یہ دوستانہ میچز یورو کپ 2016 کی تیاریوں کا حصہ ہیں، فرانسیسی ٹیم میزبان ہونے کے سبب پہلے ہی میگا ایونٹ میں رسائی کا حق حاصل کرچکی ہے لیکن ٹورنمنٹ میں اپنے گروپ کی تمام ٹیموں کے خلاف دوستانہ میچز کھیل رہی ہے۔