کریم نگر کی اردو میڈیم طالبہ کو گولڈ میڈل

کریم نگر ۔ 12 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اردو اکیڈیمی جدہ کی جانب سے اردو میڈیم ذریعہ تعلیم سے جماعت دہم میں سال گزشتہ 10/10 جی پی اے حاصل کر کے سارے تلنگانہ میں اول مقام حاصل کرنے والی طالبہ سمیہ فاطمہ ولد محمد اقبال علی اسکول اسسٹنٹ متعلم سرکاری مدرسہ فوقانیہ نسوان مکرم پورہ کریم نگر کو حیدرآباد کے سالار جنگ آڈیٹوریم میں منعقدہ جلسہ میں جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ سرکار کے دست مبارک سے گولڈ میڈل ، نقد رقمی انعام اور خصوصی توصیف نامہ عطا کیا گیا ۔ یہاں پر یہ واضح ہو کہ مشترکہ آندھراپردیش کے تمام اضلاع میں اردو میڈیم سے دسویں جماعت میں 10/10 گریڈ حاصل کرنے والی یہ پہلی طالبہ ہے ۔ اس ضمن میں سرکاری مدرسہ نسوان مکرم پورہ کریم نگر میں گزیٹیڈ صدر مدرس جی سدھاکر کی صدارت میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔ تہنیت پیش کرتے ہوئے صدر مدرسہ نے کہا کہ سمیہ فاطمہ نے پوری ریاست میں مدرسہ اور اساتذہ کا نام روشن کیا ہے اور سنہرے تلنگانہ کی روشن ستارہ بن کرابھری ہیں ۔ یہ کارنامہ مدرسین حبیب الرحمن ، موسی خان ، سرور تعظیم ، ایم سرینواس اور عبدالرزاق کے سرجاتا ہے جنہوں نے طالبہ کی مسلسل ہمت افزائی کی ۔ مسعود علی اکبر کوآڈنیٹر اردو اکیڈیمی جدہ نے کہا کہ اردو اکیڈیمی جدہ گزشتہ 16 سالوں سے بلالحاظ مذہب و ملت سرکاری مدارس کے طلباء و طالبات میں یونیفارم ، بیاگس اور ٹاپر ایوارڈس تقسیم کررہی ہے ۔ انہوں نے اردو زبان اور اس کے فروغ کے سلسلہ میں اردو اکیڈیمی جدہ کی خدمات کو قابل لائق تحسین قرار دیا اور اردو اکیڈیمی جدہ کے تمام عہدیداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر محمد احمد علی صدر مدرس وظیفہ یاب کورٹلہ ، محمد یوسف علی ، محمد نجم الدین زاہد ، سرور محی الدین ، نجیب الدین ٹی آر ایس قائد ، محمد اسماعیل ، احمد حسین ریٹائرڈ اے ٹی او ڈاکٹر ارشد حسین ، اظہر حسین ، عبدالکریم ، انعام الحسن ، اکبر حسین اور ٹوٹا قائدین خواجہ نصیرالدین صدر اور نعیم الدین احمد جنرل سکریٹری کریم نگر نے سیمہ فاطمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہترین مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔