کریم نگر میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے مساعی

کریم نگر /28 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کریم نگر مستقر پر سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کی فوری منظوری دی جانے کامطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے کیلئے کل جماعتی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا ۔ پہلے مرحلے میں وزراء کو یادداشت حوالے کی جائے گی ۔ بعد ازاں مرحلہ وار مسلسل احتجاجی مظاہرے کئے جانے کا لائحہ عمل طئے کیا گیا ۔ حکومت پر دباؤ ڈالتے ہوئے ضلع کے سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری حاصل کرنے کیلئے محکمہ کوشش کرنے کی قرارداد منظور کی گئی ۔ آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں سابق رکن پارلیمان پونم پربھاکر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کانگریس صدر کے مرتنجیم ٹی ڈی پی ضلع صدر وجئے راما راؤ ، سی پی آئی ضلع سکریٹری کومٹی ریڈی ، رام گوپال ریڈی ، وائی سی پی ضلع صدر سنگی ریڈی ، بھاسکر ریڈی بی جے پی مقامی جنرل سکریٹری مہیندر ریڈی انجمن صارفین کے ذمہ داران پرکاش ، لائنس کلب رکن پی کرشنیا ، سریش آئی ایم اے رکن مدھو سدھن راؤ اس موقع پر منعقدہ گول میز کانفرنس میں ضلع میں میڈیکل کالج کی ضرورت و اہمیت پر مشاورت ہوئی ۔ انتخابی منشور میں ٹی آرایس نے میڈیکل کالج کے قیام کا وعدہ کیا تھا جیسے پورا کرنا ضروری ہوگا ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ۔ بعد ازاں پونم پربھاکر نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں اس وقت کے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے ضلع کریم نگر میں سرکاری میڈیکل کالج کی منظوری کا اعلان کیا تھا ۔ کانگریس نے اس کا مطالبہ کیا تھا ۔ جگہ کی نشاندہی کرلی گئی تھی بعد ازاں انتخابی اعلامیہ ضابطہ کی وجہ سے اس پر عمل آوری نہ ہوسکی ۔ اب جبکہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آکر گیارہ ماہ ہوچکے ہیں ۔ لیکن حکومت نے کسی بھی قسم کا اقدام نہیں کیا ہے ۔ اسی لئے ہم سبھی یہاں جمع ہوکر لائحہ عمل طئے کیا کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے اور میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری کیلئے کوشش کی جائے ۔اس سلسلہ میں پہلے کے ٹی آر ، ایٹالہ راجندر ، ہریش راؤ بعد ازاں سوشیل میڈیا کے ذریعہ حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا ۔ شاتاواہانہ پی جی سنٹر کے پاس 8 ایکر جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کو یادداشت بھیجی جاچکی ہے ۔ ہر ضلع مستقر پر ریمس ، نمس جیسے دواخانوں کا قیام عمل میں لانے کا اعلان کیاگیا ۔ اب اس پر فوری عمل کیا جائے مطالبہ کیا گیا۔