کریم نگر میں سیاسی پارٹیاں منحرف امیدواروں سے پریشان

ٹکٹ نہ ملنے پر باغی قائدین کی از خود قسمت آزمائی، انتخابی مہم تیز

کریم نگر۔/27مارچ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اہم سیاسی پارٹیاں کانگریس اور ٹی آر ایس جن کے امیدوار زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی چناؤ میدان میں ہیں، منحرف امیدواروں کی وجہ سے پریشان کن حالات سے دوچار ہیں۔ ویسے تلگودیشم پارٹی کو بھی پریشانی ہے لیکن کچھ کم ہے۔ کانگریس اور ٹی آر ایس نے 57 زیڈ پی ٹی سی نشستوں کیلئے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ بی جے پی 35 ٹی ڈی پی، 39 وائی سی پی، 12 سی پی آئی،9 سی پی ایم،5لوک ستہ،3دیگر رجسٹرڈ ایک، آزاد 125 میدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ اس کے ساتھ 65 امیدوار مختلف پارٹیوں سے منحرف چناؤ میدان میں ہیں۔ ضلع میں817 ایم پی ٹی سی نشستوں کے لئے جملہ 3576 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ 13نشستوں پر متفقہ طور پر امیدوار چن لئے گئے ہیں جس میں 6ٹی آر ایس، 3آزاد، 4کانگریس کے منتخب ہوچکے ہیں۔804 نشستوں میں بی ایس سی 64، بی جے پی 448، سی پی آئی57، سی پی ایم 24، کانگریس 767 وائی سی پی 34، ٹی ڈی پی 406، ٹی آر ایس 770، لوک ستہ ایک، دیگر پارٹیوں کے جو رجسٹرڈ ہیں 4 جملہ 993امیدوار آزاد چناؤ میدان میں قسمت آزمائی کیلئے ہیں۔ اہم سیاسی پارٹیوں کے ایسے امیدوار جنہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا اپنی ہی پارٹیوں کے خلاف وہ بھی میدان میں کھڑے ہوئے ہیں۔تقریباً ڈھائی سال کے انتظار کے بعد یہ چناؤ منعقد ہورہے ہیں۔ چنانچہ عرصہ دراز سے یہ سیاسی بیروزگار کافی امید بھری نظر سے ان چناؤ کے انتظار میں تھے۔ اب ٹکٹ نہ دیئے جانے پر مایوسی کی حالت میں باغی بن چکے ہیں۔ ٹکٹ کیلئے آخری وقت تک کوشش کرنے کے بعد اب کسی طرح سے چناو میدان میں اپنی قسمت آزمائی کیلئے کھڑے ہوئے ہیں۔ ویسے انہیں پارٹی کی جانب سے کئی طرح سے سمجھانے اور ترغیب دینے کی کوششیں ابھی جاری ہیں لیکن وہ کسی بھی سمجھوتہ کیلئے تیار نہیں ہورہے ہیں اور اپنی انتخابی مہم میں مزید تیزی پیدا کرتے جارہے ہیں۔ پارٹی اصل امیدواروں کے مقابلے میں منحرف و باغی امیدوار ہی شدت سے اپنی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ ان حالات میں ادھر کانگریس اور اُدھر ٹی آر ایس کی ضلع پریشد کی نشست پر قبضہ کرلینے کی کوششیں ناکام ہوتی نظر آرہی ہیں۔ چنانچہ پارٹی رکن پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، پارٹی ضلع صدر میدان میں آکر اپنے منحرف امیدواروں کو ہر ممکن طریقہ سے سمجھا کر انتخابی میدان سے ہٹنے اور حقیقی امیدوار کی تائید کرنے کی ترغیب دینے میں لگے ہوئے ہیں۔