کریم نگر۔/28جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر میں نل کے ذریعہ گھر گھر پانی کی سربراہی کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں منگل کی شب میونسپل کارپوریشن فلور لیڈرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے میئر سردار رویندر سنگھ نے اس با ت سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز پانی کی سربراہی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تمام پائپ لائنوں کی جانچ کے کام کے بعد روزانہ پانی چھوڑا جائے گا۔ اس دوران ضلع میں غیر مجاز نلوں کے کنکشنس کو باقاعدہ بھی بنایا جائے گا اور اس کے بعد غیر مجاز نلوں کے کنکشنس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور نلوں کو برقی موٹر لگانے پر بھی سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اپارٹمنٹ، ہوٹلوں، لاڈجنگس، دواخانوں وغیرہ اور کمرشیل اغراض کیلئے نلوں کے کنکشنس کیلئے 25ہزار روپئے ادا کرنا ہوگا اور اگر پائپ لائن میں لکیج ہو تو اس کو فوری دور کرلیا جائے بصورت دیگر متعلقہ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس جائزہ اجلاس میں ٹی آر ایس فلور لیڈر عارف، کانگریس گنڈے مادھوی، ٹی ڈی پی کوٹے مکولا اوما رانی، لنگم پلی سرینواس و دیگر کارپوریشن عہدیدار موجود تھے۔