بلدی عہدیداروں پر میئر سردار رویندر سنگھ کی برہمی
کریم نگر۔/31اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر میں کہیں بھی کسی بھی مقام اور محلہ میں سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی ٹھہرا ہوا دکھائی نہیں دینا چاہیئے۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے مجلس بلدیہ کارپوریشن کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے شہر میں ہورہی بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے علاوہ سڑکوں پر بھی کئی مقامات پر بارش کا پانی ٹھہرا ہوا ہے۔اس سلسلہ میں میئر نے بلدی عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے صبح سے شام تک مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے اپنی راست نگرانی میں پانی کو صاف کروایا۔ 50ویں ڈیویژن گوری شیٹی کامپلکس کے سامنے گنگا گیس ایجنسی کے روبرو ورکشاپ کے پاس ٹھہرے ہوئے پانی کا رُخ موڑکر ڈرینج لائن کے ذریعہ بہادیا گیا۔ میونسپل عہدیداروںاور ملازمین ، مزدوروں کو اس کام کی نگرانی میں مصروف رکھتے ہوئے بذات خود شام تک موجود رہے۔ موریوں سے بھی کچرا اور کیچڑ کی صفائی کے علاوہ پانی بہنے کے لئے راستہ بنانے کیلئے صفائی انسپکٹران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں دوبارہ کسی بھی مقام پر پانی ٹھہرا ہوا دکھائی نہ دے اس کے لئے خصوصی لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ نشیبی علاقوں کی تنقیح کی جائے تاکہ بارش کا پانی کسی بھی مکان میں داخل ہونے نہ پائے اس بات کا خیال رکھنے کی بھی مئیر سردار رویندر سنگھ نے ہدایت دی۔