کریم نگر۔/9جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کی جانب سے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کے حامل شخصیتوں کو ایوارڈز، نقد انعامات، مومنٹوز، اسناد سے نوازا گیا۔ تاسیس تلنگانہ کے موقع پر کریم نگر مسجد اسلمی کے امام ، مکہ مسجد کے موذن کو بھی ایوارڈ دیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ آندھرا جیوتی فوٹو گرافر شکور کو بھی نقد ایوارڈ دیا گیا۔ ادارہ خادمان ملت کے زیر اہتمام ان تینوں ایوارڈز یافتگان کے اعزاز میں تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ادارہ ہذا کے صدر جناب ایم اے صمد نے کی جبکہ پروگرام کی کارروائی سکریٹری ایم اے صمد نواب نے چلائی۔ تقریب کا آغاز حافظ سید شاہ صمد قادری کی تلاوت کلام پاک اور نعت شریف کا نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے ہوئی۔ جناب ایم اے صمد صدر خادمان ملت نے حافظ محمد شفیع الدین اعجاز کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس سے قبل صلاح الدین سلیم مصباحی، مولانا مشتاق احمد نظامی، مولانا خواجہ علیم الدین وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی چیف منسٹر نے ائمہ مساجد کا احترام کرتے ہوئے ان کے ساتھ ادب سے پیش آیا۔ اس طرح کی تقاریب کا احترام کریں۔ انہوں نے خادمان ملت کے سکریٹری ایم اے صمد نواب کی ستائش کی کہ انہوں نے تہنیتی تقریب منعقد کی۔ آخر میں حافظ خواجہ علیم الدین نے رقت انگیز دعائیہ کلمات ادا کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید محمود علی،امر بن سعید، امجد اللہ بیگ، شیخ احمد زبیر اور دیگر معززین موجود تھے۔