کریم نگر میں ایمسیٹ کے 37مراکز

کریم نگر۔/13مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعرات 14مئی کو منعقد کئے جانے والے ایمسیٹ امتحانات کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ پرنٹ اینڈ الکٹرانک میڈیا کانفرنس میں ضلع کلکٹر نے چہارشنبہ کی شام ضلع ایس پی وی شیوا کمار کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مستقر پر جملہ 37 ایمسیٹ امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں 25انجینئرنگ اور 12میڈیسن کے سنٹر شامل ہیں۔لڑکیوں کیلئے شیوا شکتی کالج ڈی آر ڈی اے کی جانب سے اور پولیس ٹریننگ سنٹر میں لڑکوں کے لئے انتظام کیا گیا ہے۔ حفاطتی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ ضلع ایس پی وی شیوا کمار نے کہا کہ ایمسیٹ امتحان کے دوران ٹریفک میں کوئی رکاوٹ نہ ہونے اور وقت پر خانگی بسوں کو چلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا کوئی مسئلہ پیدا ہونے پر18004254734 پر فون کرنے پر پولیس سب انسپکٹر اور دیگر عملہ موجود رہے گا۔ اس پریس کانفرنس میں اے جی سی ڈاکٹر ناگیندر، ڈی ٹی سی میرا پرساد، ایمسیٹ کوآرڈینیٹر پاپا راؤ، ڈی آر او ویرا برہمیا وغیرہ شریک تھے۔پورے 36منڈلوں سے بسوں کو چلایا جارہا ہے جس میں خانگی اور آر ٹی سی بسیں شامل ہیں۔ ڈپٹی کمرشیل ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایک صحافتی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ کوئی امیدوار مقررہ وقت پر غلطی سے کسی اور سنٹر میں پہنچ جائے اور اس کے پاس ہال ٹکٹ موجود ہو تو اسے اسی سنٹر میں امتحان دینے کی اجازت دی جائے گی۔