کریم نگرمیں چرواہا کا قاتل گرفتار

کریم نگر۔/21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 13جنوری کی شام کریم نگر کے مضافاتی مقام لوئیر مانیر ڈیم کے پاس ایک چرواہا کا قتل کرکے نامعلوم افراد بکریوں کو چوری کرنے کیلئے گئے تھے وہ گرفتار کرلئے گئے۔راما راؤ نے ڈی ایس پی کریم نگر رورل پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ لوئیر مانیر ڈیم اور اس کے آس پاس رہنے والوں سے رورل سی آئی نے پوچھ گچھ شروع کی جس پر قاتل کا پتہ چلا۔ کل ملی ایک اطلاع پر کہ یلگنڈل کے قریب کچھ بکریوں کا مندا ہے جسے مہاراشٹرا کو منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چنانچہ رورل سی آئی نریندر اور سب انسپکٹر منوہر نے وہاں پہنچ کر دو افراد کو مشتبہ حالت میں دیکھ کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی تو سارے حقائق سامنے آگئے۔ محمد سلیم عرف شمس الدین ولد محبوب، محمد تاج الدین ، سید قدیر ولد سید قیوم، محمد سردار ڈی کمریا، محمد محبوب، راجو یہ لوگ آسانی سے روپیہ کمانے کیلئے اس طرح بکریوں کی چوری کرکے ان بکریوں کو ذبح کرکے فروخت کررہے تھے چونکہ محمد سلیم اور محمد تاج پیشہ سے قصاب ہیں انہوں نے13جنوری کی شب قتل کرکے چوری کی ہوئی بکریاں جن کی تعداد 90 تھی جن میں سے 17بکریوں کو فروخت کردیئے تھے مابقی بکریوں کو حاصل کرلیا گیا ہے۔

سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک
کوہیر۔/21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد احمد علی ( عمر 30سال ) متوطن دیگوال کوہیر منڈل ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وہ صبح دیگوال سے اپنی موٹر سیکل پر سنگاریڈی اپنے سسرال جارہے تھے کہ ایم آر ایف ٹائر کمپنی کے قریب مخالف سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر دے دی جس کی وجہ سے وہ موقع واردات پر ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی شادی گیارہ ماہ قبل ہوئی تھی احمد علی مرحوم محمد سعادت علی کرانہ مرچنٹ کے فرزند تھے اور سید امام الدین سنگل ونڈو چیرمین بلال پور کے قریبی رشتہ دار تھے۔ ان کے جلوس جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ان کی تدفین آبائی قبرستان دیگوال میں عمل میں آئی۔