دبئی ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کرکٹ کپتانوں کو تاکید کی ہے کہ وہ آئی سی سی میچ ریفریز کے فیصلوں کا احترام کریں اور ان پر تنقید کرکے آئی سی سی کے سزا و جزا کے عمل کو کمزور نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان پہلے ٹسٹ کے تنازعہ کے تناظر میں کیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرینٹ برج ٹسٹ میں ہندوستان کے آل رائونڈر رویندرا جڈیجہ اور انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن میں تلخی پیدا ہوگئی تھی جس پر آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے جڈیجہ پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے اس فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے تکلیف دے قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ جڈیجہ نے اینڈرسن کی جانب سے فحش کلامی کے بعد صرف ان کی جانب دیکھا تھا جس پر انہیں جرمانے کی سزا دے دی گئی۔ انہوں نے بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے۔ انگلش کپتان الیسٹر کک نے اس کے ردعمل میں کہا کہ ہندوستانی ٹیم چھوٹی سی بات کا بتنگڑ بنارہی ہے۔ ان بیانات نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نوٹس لینے پر مجبور کردیا۔ ڈیو رچرڈسن نے کہا سب پر لازم ہے کہ میچ ریفری کے فیصلوں کو تسلیم کریں، ہم اس موقع پر ڈیوڈ بون کی جانب سے کیے فیصلے کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور اس سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ تسلیم کرنا چاہیے کہ تادیبی کارروائی پر فیصلے نہایت مشکل عمل ہوتا ہے۔ ریفری کو شواہد اور عینی شاہدین کے بیان اور قانونی موقف کو مدنظر رکھنا ہوتا ہے۔