تین افراد گرفتار، اصل سرغنہ مفرور، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) شہر میں کرکٹ پر سٹہ چلانے والے ایک ریاکٹ کو پولیس نے بے نقاب کردیا جو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری کرکٹ میچ پر سٹہ چلا رہے تھے، پولیس نے اس کرکٹ بیٹنگ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتارکرلیا جبکہ اس ریاکٹ کا اہم سرغنہ ابھی بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔ سنٹرل زون کی ٹاسک فورس ٹیم نے ایک کارروائی میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا، جس میں بدنام زمانہ سٹہ باز مکیش شرما عرف پپو پولیس کی گرفت میں آیا۔ پولیس کے مطابق مکیش شرما جو چیلہ پورہ علاقہ کا ساکن ہے، اس کی ہسٹری شیٹ چارمینار پولیس میں موجود ہے۔ پولیس نے 49 سالہ مکیش شرما کے علاوہ 39 سالہ رتیش سنگھ ساکن جنسی بازار منگل ہاٹ اور 30 سالہ مہیش بیرادھر ساکن شمشیر گنج علی آباد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک لیاپ ٹاپ، ٹیلیویژن، 8 سیل فون، سٹ اپ باکس اور 10 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ مکیش شرما کرکٹ سٹہ بازی کا عادی مجرم بتایا گیا ہے جو سابق میں تین ایسی وارداتوں میں گرفتار کیا گیا تھا۔ شرما نے اپنے خسر کے مکان میں ایک چھوٹا سا کمرہ اپنی غیرسماجی سرگرمیوں کیلئے رکھ لیا تھا اور اس مقام سے جو سعیدآباد میں واقع ہے، سرگرمیاں جاری رکھتا تھا۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے گرفتار افراد کو مزید تحقیقات کیلئے سعیدآباد پولیس کے حوالے کردیا۔