حیدرآباد۔3 جنوری (پی ٹی آئی) سٹی پولیس نے 6 افراد کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ شہر میں کرکٹ پر سٹہ کا ریاکٹ بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ آسٹریلیا کی بگ بیاش لیگ پر سٹہ بازی کی جارہی تھی۔ کمشنرس ٹاسک فورس (ویسٹ زون) نے بُکیوں مکیش شرما عرف پپو، محمد اظہر اور پرشانت شرما کو پکڑ لیا جب وہ مبینہ طور پر برسبین ہیٹ بمقابلہ سڈنی تھنڈر کے درمیان ہونے والے ایک میچ پر سیل فون کے ذریعہ سٹہ کی بولیاں وصول کررہے تھے۔ پولیس نے ایک ’پنٹر‘ آصف اللہ خان اور ہیمنت مشرا اور مہیش تنیجی راؤ کو گرفتار کرلیا جو سٹہ بازی کے مرکز میں کام کررہے تھے۔ ان کے قبضہ سے ایک ٹی وی، تین ہاٹ لائن باکس، 18 سیل فونس اور 20,000 روپئے نقد ضبط کرلئے گئے۔ ان تمام کو مزید تحقیقات کیلئے بہادر پورہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔