حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں ہائی ٹیک انداز میں چلائے جارہے کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 3 سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھاری نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 36 سالہ الوک جین جس کا تعلق مدھیہ پردیش سے ہے‘ وہ اپنے دو ساتھیوں 32 سالہ ابھیشیک جین اور 35 سالہ میہول کے مجاریہ کے ساتھ علاقہ چکڑپلی میں واقع ایسولہ انکلیو اپارٹمنٹ میں سٹہ بازی کا اڈہ قائم کیا تھا۔ انجنی کمار نے کہا کہ سال 2017 میں IPL میچس کے دوران اس کی ملاقات دو بوکیوں سلیمان سورانی اور سبھاش سے ہوئی تھی اور ان دونوں کی مدد سے اس نے ہائی ٹیک سٹہ بازی کا طریقہ کار حاصل کیا تھا۔ کمشنر نے کہا کہ الوک جین نے ایک ویب سائیٹ کے ذریعہ ہائی ٹیک انداز میں آسٹریلیا میں کھیلے جارہے T20 بگ باش لیگ کرکٹ میاچس پر بڑے پیمانہ پر سٹہ بازی میں ملوث ہورہا تھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے اپارٹمنٹ پر دھاوا کرتے ہوئے الوک جین اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 41 لاکھ 20 ہزار نقد رقم ‘ سام سینگ ٹی وی اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔