کرکٹ پر سٹہ بازی ‘ایک شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /30 اگست (سیاست نیوز) شہر میں کرکٹ پر سٹہ بازی کے ریاکٹ بے نقاب کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے ایک سٹے باز کو گرفتار کرلیا جو بیگم بازار علاقہ میں سٹہ چلارہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ اشوین بنگ ساکن بیگم بازار جو سدیش کمیونیکیشن کے نام سے موبائیل فون کی دوکان چلاتا ہے وہ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے کرکٹ پر سٹہ بازی کے کاروبار میں ملوث ہوگیا ۔ اشوین بنگ بذریعہ موبائیل فون سٹہ بٹنگ کی رقم وصول کیا کرتا تھا ۔ نیٹ ویسٹ T20 کرکٹ میچیس پر سٹہ کا کاروبار چلاتے ہوئے لاکھوں روپئے کی رقم وصول کی تھی ۔ ٹاسک فورس نے اشوین کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے 3 لاکھ نقد رقم ، تین موبائیل فون ، دو لیپ ٹاپس اور نوٹ کی گنتی کرنے والی مشین برآمد کرلی ۔ پولیس نے گرفتار سٹہ باز کو مزید کارروائی کیلئے افضل گنج پولیس کے حوالے کردیا ۔