حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز ) ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے ورلڈ کپ کرکٹ میچس پر سٹہ بیٹنگ میںملوث ایک شخص کو سعید آباد علاقہ میں دھاوا کرکے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری سائی رام نگر کالونی گڈی انارم سعید آباد میں ایک رہائشی مکان میں سنتوش کمار بذریعہ فون نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان منعقدہ ورلڈ کپ میچ پر غیر قانونی طور پر سٹہ وصول کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سنتوش کمار آر کے پورم کے ساکن وینکٹ راما ریڈی کے ہمراہ یہ کاروبار چلا رہا تھا۔ اس ریاکٹ میں کرمان گھاٹ کے اجیت کا رول بھی بتایا جاتا ہے ۔ ٹاسک فورس نے دھاوے کے درمیان سنتوش کمار کے قبضہ سے ایل جی ٹی وی ‘کیبل سٹ ٹاپ باکس ‘موبائیل فون ‘سٹہ میں استعمال کی جانے والی کتابیں اور 81 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرتے ہوئے اسے سعید آباد پولیس کے حوالے کردیا ۔ پولیس کو اس کیس میں وینکٹ رام ریڈی اور اجیت کی تلاش ہے ۔