کرپشن کے الزامات، فیفا کے کئی عہدیدار زیر حراست

دریں اثناء سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں پولیس نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے چھ سرکردہ عہدیداران کو حراست میں لے لیا ہے۔ امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق گرفتاریوں کا مقصد ان افراد کو امریکہ کے حوالے کرنا ہے جہاں ان پر مالی بدعنوانی اور غیرقانونی رقمی لین دین کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق حراست میں لئے جانے والے افراد کی تعداد چھ ہے اور ان میں فیفا کے ایک نائب صدر بھی شامل ہیں۔ فیفا کے ایک سینئر عہدہ دار نے بعض میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان گرفتاریوں کی تصدیق کی۔ انھوں نے کہا کہ ان افراد کو زیورخ کے ہوٹل باؤر او لاک سے چہارشنبہ کو علی الصبح حراست میں لیا گیا ہے۔ تاہم عہدہ دار نے محروس افراد کی قطعی تعداد یا نام نہیں بتائے۔ فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے عہدہ دار 28 مئی سے تنظیم کے دو روزہ سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے زیورخ پہنچے تھے۔ ’نیویارک ٹائمز‘ کا کہنا ہے کہ سوئس پولیس کے حکام نے ان عہدیداران کے ہوٹل کے رجسٹریشن ڈیسک سے اُن کے کمروں کی چابیاں لیں اور پھر ان کے فلور کی طرف چلے گئے۔ امریکی اخبار کے مطابق گرفتاریوں کے موقع پر کسی قسم کی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی اور کم از کم دو عہدیداران کو بغیر ہتھکڑیاں لگائے ہوٹل سے باہر لے جاتے دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ کوسٹاریکا سے تعلق رکھنے والے فیفا کے عہدہ دار ایڈوارڈو لی کو پولیس حکام ان کے سامان سمیت ہوٹل کے بغلی دروازے سے باہر لے کر گئے۔ فیفا کے عہدیداران پر عائد بدعنوانی کے الزامات کا تعلق گزشتہ دو دہائیوں میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کے حصول اور مقابلوں کی تشہیر اور نشریات کے معاہدوں میں کرپشن سے متعلق ہے۔