کروناندھی کو سالگرہ کی مبارکباد کانگریس کی تائید پر سونیا کا اظہار تشکر

چینائی ۔ یکم جون ۔ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ڈی ایم کے سربراہ ایم کروناندھی 94 ویں سالگرہ پر جو /3 جون کو ہے ان کی اچھی صحت اور درازی عمر کیلئے نیک خواہشات پیش کی ۔ انہیں عصری سیاسی قائدین نے قدآور ترین شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی ستائش کی ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ آسان کام نہیں ہے کہ مسلسل 48 سال تک کوئی شخص کسی سیاسی پارٹی کا سربراہ بنا رہے ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں جس کی ایک نقل آج ڈی ایم کے نے جاری کی کہا کہ ممکن ہے کہ سیاست میں یہ ریکارڈ کسی اور جمہوری ملک میں موجود نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کروناندھی سے اظہار تشکر کرتی ہیں کیونکہ انہوں نے 1971 ء ، 1980 ، 2004 ء اور 2009 ء کے انتخابات میں کانگریس کی اہم تائید کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ان کیلئے کئی مواقع موجود تھے کہ وہ مرکز میں اپنا کردار ادا کریں لیکن وہ ٹاملناڈو اور ٹامل عوام کیلئے خود کو وقف کئے رہے ۔
قائد اپوزیشن کی حیثیت سے انہوں نے ایک ناقابل فراموش حریف کا کردار انجام دیا ۔