کروناندھی ، ڈی ایم کے پارٹی کے گیارہویں مرتبہ صدر منتخب

چینائی ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : ڈی ایم کے بزرگ قائد ایم کروناندھی کو آج گیارہویں مرتبہ پارٹی کا صدر منتخب کرلیا گیا ۔ جب کہ پارٹی کی جنرل کونسل نے ان کے انتخاب کی توثیق کردی ہے ۔ کروناندھی نے گذشتہ پارلیمانی انتخابات کی مہم کے دوران یہ اشارہ دیا تھا کہ یہ ان کی آخری انتخابی مہم ہے ۔ لیکن بحیثیت پارٹی صدر پھر ایکبار انتخابات سے نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیوں کہ آئندہ 5 سال تک پارٹی کی باگ ڈور ان کے ہاتھ میں رہے گی ۔ ڈی ایم کے بانی سی این انا دورائی کی موت کے بعد 27 جولائی 1969 کو پہلی مرتبہ بحیثیت صدر پارٹی کروناندھی کا انتخاب عمل میں آیا تھا ۔ 1949 میں پارٹی کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ صدر کا عہدہ تشکیل دیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں کے انبازھگن اور کروناندھی کے فرزند ایم کے اسٹالین کو بالترتیب جنرل سکریٹری اور ٹریژر دوبارہ منتخب کرلیا گیا جب کہ پارٹی فنڈ مینجمنٹ کے لیے 4 اڈٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اسٹالین نے تنظیمی انتخابات سے چند دن قبل میڈیا میں ان خبروں کو مسترد کردیا تھا کہ انہیں جنرل سکریٹری کے عہدہ کے لیے مقابلہ کی اجازت نہیں دی گئی ہے جس کے پیش نظر وہ خازن کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ پارٹی صدر جنرل سکریٹری اور ٹریژرر کے انتخاب کے ساتھ ہی تنظیمی انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا ۔ اگرچیکہ سال 2011 کے اسمبلی انتخابات اور گذشتہ سال کے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ کے باوجود تنظیمی انتخابات میں جوش و خروش برقرار رہا اور پارٹی ارکان کی تعداد 85 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ ڈی ایم کے میں ایک نمایاں تبدیلی یہ دیکھنے میں آئی کہ راجیہ سبھا رکن اور کروناندھی کی دختر کنی موزھی کو شعبہ خواتین کا سکریٹری بنایا گیا ہے ۔