نئی دہلی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کو آج انتہائی الجھن والی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ دہلی میں اس کی وزارت اعلی امیدوار کرن بیدی کے تشہیری معاون نریندر ٹنڈن نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور بیدی پر آمرانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ بعد ازاں مسٹر ٹنڈن نے تاہم اپنے استعفیٰ سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ ٹنڈن بی جے پی سٹی یونٹ کے سابق سکیرٹری ہیں اور انہوں نے آج صبح پارٹی صدر امیت شاہ کو اپنا مکتوب استعفیٰ روانہ کردیا تھا ۔ تاہم چند ہی گھنٹوں بعد انہوں نے کہا کہ وہ اپنے استعفیٰ کمے مکتوب سے دستبردار ہوچکے ہیں کیونکہ بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرنا ایک جذباتی فیصلہ تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ بیدی کے آمرانہ رویہ کی وجہ سے مستعفی ہو رہے ہیں۔