عادل آباد میں ٹاؤن صدر کانگریس ساجد خان کی پریس کانفرنس
عادل آباد۔ 29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی عادل آباد انچارج بھاؤ گوڑ پانڈے نے اپنی رہائش گاہ پریس میٹ سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مرکز اور ریاست میں جھوٹے انتخابی وعدے کرکے اقتدار حاصل کیا۔ مودی نے کالے دھن کو سوئز بینک سے واپس لانے کی چکر میں راتوں رات 500 اور 1000 کے نوٹوں کو منسوخ کروایا جس کی وجہ سے غریب، مزدور پیشہ اور اوسط تجارت کرنے والے افراد کا جینا حرام ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2000 روپئے نوٹ جاری کرکے وزیراعظم مودی نے کالا دھن جمع کرنے کا راستہ ہموار کردیا ہے اور اس بارے میں پارلیمنٹ میں بحث کرنے کے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کالا دھن ہندوستان واپس لاکر ہر ہندوستانی کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کیا جائے گا لیکن تاحال مودی حکومت کے ڈھائی سال مکمل گذر جانے پر بھی انہوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔ اس موقع پر ٹاؤن صدر کانگریس ساجد خاں نے کہا کہ کانگریس 500 اور 1000 نوٹوں کی منسوخی کے خلاف نہیں ہے لیکن اس کا متبادل انتظام کرنے سے قبل ہی نوٹوں کی اچانک منسوخی پر عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے انتخابی منشور میں کہا تھا کہ اندرون تین ماہ اقلیتوں کو 12% تحفظات فراہم کئے جائیں گے لیکن ڈھائی سال ہوجانے کے باوجود انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کئے اور 51,000 روپئے شادی مبارک اسکیم کے تحت مسلم اقلیتوں کو جو دیئے جارہے تھے ، اسے بھی ختم کیا جارہا ہے۔