کرناٹک کے علاقائی ترقیاتی گرانٹ میں اضافہ

ارکان اسمبلی کی اپیل پر چیف منسٹر سدارامیا کی منظوری
گلبرگہ /8 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی اراکین کی کئی دنوں کی مانگ تھی کہ مقامی علاقائی ترقیاتی گرانٹ ( ایل اے ڈی پی ) کو 2کروڑ سے 3کروڑ روپئے بڑھادئے جائیں ۔ اراکین کی اس اپیل کو آخر کار وزیر اعلیٰ سد رامیا نے منظور کردی ہے۔ ہرسال ریاست کے 224حلقوں کے اسمبلی اراکین کو مقامی علاقائی ترقاتی اسکیم کے تحت ریاستی حکومت 2کروڑ روپئے فراہم کررہی تھی۔ تمام اسمبلی اراکین نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے گرانٹ میں 5کروڑ روپئے جاری کرنے کی مانگ کی تھی۔ اس سلسلے میں چند اسمبلی اراکین لیجس لیچر اجلاس کے موقع پر وزیر اعلیٰ پر دباؤ بھی ڈال چکے تھے ۔ اسمبلی اراکین کے حلقوں کی ترقی کیلئے جاری کردہ گرانٹ میں اچانک اضافہ کردئے جانے کے صورت میں حکومت کے خزانے کو سالانہ ایک ہزار کروڑ روپیوں کا بوجھ پڑے گا۔ جس کے سبب اس مانگ کو عارضی طور پر روک لگادی گئی تھی۔ باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق کانگر یس کے علاوہ بی جے پی، جے ڈی ایس سمیت تمام 224اسمبلی اراکین نے وزیر اعلیٰ سدرامیا پردباؤ ڈالنا شروع کردیا تھا۔ جس کے سبب حکومت نے 2کروڑ تا3کروڑ روپئے بڑھادئے ہیں۔ 13مارچ کوپیش کئے جانے والے سال 2015-16کے بجٹ میں مالیات کا قلمدان رکھنے والے وزیر اعلیٰ سدرامیا اس کے متعلق اعلان کریں گے ۔ جسے بجٹ میں شامل کرلینے کیلئے محکمہ مالیات کے افسروں کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ 13مارچ کو نوٹی فیکشن جاری کردیا جائیگا۔ 2کروڑ تا3کروڑ روپئے اضافہ کئے جانے کی صورت میں حکومت کے خزانے کو سالانہ 300کروڑ روپیوں کا بوجھ پڑے گا۔ اسمبلی اراکین نے اعتراض کرتے ہوئے کہاہے کہ فی الحال حکومت کی طرف سے جاری کردہ 2کروڑ روپیوں میں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہاہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ افسروں پر بھی برہمی ظاہر کی تھی اور کہا تھاکہ 2کروڑ روپئے قسطوں میں جاری کئے جارہے ہیں جس کے سبب اسکیموں کے کاموں میں تاخیر ہورہی ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ سالانہ گرانٹ میں اسمبلی اراکین اپنے حلقوں میں مختلف اسکیمیں شروع کرنی پڑتی ہے۔ پینے کا پانی، ڈرینج ، پینے کے پانی کیلئے ٹینکرکی تعمیر ، اسٹریٹ لائٹ ، سڑکوں کی ترقی ، گرام پنچایتوں کو کمپیوٹر ، فرنیچر کی فراہمی سمیت دیہاتوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرناہی مقامی اسمبلی اراکین کے علاقائی ترقیاتی اسکیموں کا اہم مقصد ہے۔ اس سے قبل 2013ء تک ہر رکن اسمبلی کو ایک کروڑ روپئے گرانٹ جاری کیاجارہا تھا ۔ ریاست میں کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ سدرا میانے اسمبلی اراکین کی مانگ کے مطابق اس کو ایک کروڑ سے 2کروڑ روپئے کردئے تھے ۔ اب کئی اراکین 5کروڑ روپئے مقرر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ سدرامیا نے 3کروڑ روپیوں کیلئے منظوری دے دی ہے۔