جنتادل ایس اور کانگریس کا اتحاد مضبوط و مستحکم ، کانگریس قائد پرمیشورا کا بیان
بنگلورو ۔ 27 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر سدارامیا کے بیان کا بظاہر جواب دیتے ہوئے کرناٹک کانگریس کے صدر جی پرمیشورا نے آج کہا کہ کرناٹک کی کانگریس ۔جنتادل (ایس) مخلوط حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد پوری کرے گی ۔ اس سلسلے میں دیگر کیا کہتے ہیں یہ غیراہم بات ہے ۔ یہ ریمارکس پرمیشورا نے اُس وقت کئے جب سابق چیف منسٹر سدارامیا کی ویڈیو بتائی گئی جس میں اُنھوں نے شبہ ظاہر کیا کہ کرناٹک کی مخلوط حکومت اپنی میعاد پوری نہیں کرسکے گی ۔ پرمیشورا کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر بھی ہیں۔ ریاست میں مخلوط حکومت کے بارے میں دونوں پارٹیوں کے اندر منفی خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ سدا رامیا نے حال ہی میں یہ بیان دیا تھا کہ کرناٹک کی مخلوط حکومت پارلیمانی انتخابات تک بھی نہیں ٹک سکے گی ۔ ان کے اس بیان کا ویڈیو جب سامنے آیا تو انھوں نے اس کی تردید کی ۔ سدا رامیا کے اس ویڈیو کو ہم نے بھی دیکھا ہے ۔ پرمیشورا نے کہا کہ اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ سدا رامیا نے دواخانہ میں زیرعلاج رہنے کے دوران یہ بیان دیا ہے ۔ کُپل مقام پر تقریر کرتے ہوئے پرمیشورا نے کہاکہ ریاستی پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے میں یہ وضاحت جاری کرتا ہوں کہ ہم نے باہمی طورپر اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ کسی بھی طرح اس حکومت کی میعاد پوری کریں گے ۔ بلاشبہ یہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی ۔ حکومت سے باہر رہنے والوں کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں رہتی ۔ دوسرے کیا کہتے ہیں یہ ہمارے لئے اہم نہیں ، ہمیں تو اپنی میعاد پوری کرنی ہے ۔ پرمیشورا نے کہاکہ حکومت کی طویل مدتی کے بارے میں کوئی اُلجھن نہیں پائی جاتی ۔ یہاں تک کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی بھی سدا رامیا کے ساتھ کھڑے ہیں ، لیکن پرمیشورا نے کہاکہ اس طرح کی حمایت کا کوئی اثر نہیں ہوگا یہ تو معمول کی بات ہے ۔ اس میں غلط کیاہے کہ ہم میں سے کوئی ( کانگریس کے ارکان اسمبلی ) اپنی پارٹی میں سے کسی دوسرے لیڈر سے ملاقات کرتا ہے تو کیا حرج ہے ؟ سدا رامیا کو چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کے ساتھ اُلجھتے ہوئے دیکھا جارہا ہے ۔ مخلوط حکومت کی جانب سے پیش کردہ تازہ بجٹ پر سدارامیا نے اعتراضات پیش کئے تھے ۔