کرناٹک کی جے ڈی ایس ۔ کانگریس مخلوط حکومت گرنے والی ہے ؟

بنگلورو ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صدر امیت شاہ سے بی ایس یدی یورپا کی ملاقات کے بعد پارٹی کے اندرونی ذرائع نے واضح کر دیا کہ مرکزی قیادت کی کانگریس۔ جے ڈی ایس کی حکومت کو ‘گرانے‘ میں دلچسپی نہیں ہے۔ درحقیقت، یدی یورپا نے پیر کو احمد آباد میں امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ یدی یورپا کے ساتھ بی جے پی کے ریاستی رکن اسمبلی بسوراج بوممئی بھی موجود تھے۔ شاہ اور یدی یورپا کی بات تقریبا ایک گھنٹہ تک چلی۔ اس میٹنگ کے بعد ان قیاس آرائیوں پر روک لگ گئی کہ بی جے پی وزیر اعلیٰ کمار سوامی کو ‘عہدہ‘ سے ہٹا کر یدی یورپا کو سی ایم بنانے کی تیاری میں ہے۔بی جے پی سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کے 20 غیر مطمئن ارکان اسمبلی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ کچھ ریاستی رہنماوں نے مرکزی قیادت کو مشوردہ دیا تھا کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھائے۔ تاہم مرکزی قیادت نے ایسا کوئی قدم نہ اٹھانے کی وارننگ دی ہے۔ وہیں، یدی یوروپا کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ حکومت کے خود ‘گرنے’ کا انتظار کریں۔کرناٹک کے ایک سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا، "ہمیں اکثریت ثابت کرنے کے لئے 16 ارکان اسمبلی کی ضرورت ہے حالانکہ، اعلیٰ قیادت اس میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے کیونکہ اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں یہ ہمارے خلاف کام کر سکتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ جے ڈی (ایس) اور کانگریس کی حکومت کئی تضادات کی وجہ سے خود ہی گر جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کا فی الحال زیادہ دھیان کانگریس پر ہی ہے، جبکہ وہ جے ڈی (ایس) کے خلاف زیادہ بولنے سے بچتی نظر آرہی ہے۔ ایسے میں قیاس کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی نے جی ڈی (ایس) کے ساتھ جانے کا متبادل بچا رکھا ہے۔