نئی دہلی۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس اور دوسری ہم خیال اپوزیشن پارٹیوں نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے کرناٹک انتخابات اور حکومت کی تشکیل کے ضمن میں نمائندگی کیلئے وقت مانگا ہے ۔ انتخابات میں فیصلہ عوام کی منقسم رائے کی صورت میں نکلا لیکن بی جے پی نے حکومت تشکیل دے دی۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کے ضمن میں کل یدی یورپا اپنی اکثریت ایوان اسمبلی میں ثابت کریں گے۔ اس فلور ٹسٹنگ کے ضمن میں کانگریس نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کیلئے کا وقت مانگا ہے۔ گورنر کرناٹک وجو بھائی والا کی جانب سے یدی یورپا کو اکثریت ثابت کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت دی گئی تھی جس پر کانگریس اور جے ڈی ایس نے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی تھی۔ ذرائع کے مطابق کانگریس اور دوسری ہم خیال پارٹیاں گورنر کے اس فیصلہ کے خلاف جس میں زعفرانی پارٹی کو درکار عددی طاقت حاصل نہ ہونے کے باوجود تشکیل حکومت دیئے جانے کے بارے میں صدر جمہوریہ کو واقف کرایا جائے گا۔ بی جے پی 104 سیٹس کے ساتھ واحد بڑی پارٹی کو گورنر وجو بھائی والا نے تشکیل حکومت کی دعوت دی حالانکہ کانگریس اور جے ڈی ایس نے مل کر 117 ایم ایل ایز کے ساتھ مشترکہ حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ کیا تھا۔ انتخابات 222 سیٹوں کیلئے لڑے گئے جس میں 112 کی اکثریت کا نشانہ مقرر ہوا ہے، لیکن یدی یورپا نے کل بنگلورو میں بحیثیت چیف منسٹر حلف لے لیا۔