حیدرآباد۔ 2 ؍ فبروی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک نے 14 سال کے وقفہ بعد رانجی ٹروفی پر دوبارہ قبضہ کرلیا اور آج پانچویں و آخری دن مہاراشٹرا کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ۔ کرناٹک رانجی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کپتان آر ونئے کمار کو گارڈ آف آنر پیش کیا جنھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 300 وکٹیں پوری کی ہیں ۔ رانجی ٹروفی کا فائنل راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔ کامیابی کے لئے 157 کا تعاقب کرتے ہوئے کرناٹک کے بیٹسمن نے شاندار مظاہرہ کیا اور 1988-89 کے بعد دوبارہ ٹروفی پر قبضہ کرلیا ۔ نیشنل چمپئن شپس کی تاریخ میں یہ کرناٹک کا ساتواں ٹائٹل ہے ۔
آر ونئے کمار نے کہا کہ ہم نے کافی محنت کی ہے اور آج یہ ہمارے لئے یادگار لمحہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں آج کامیابی چاہتے تھے اور یہ صرف اور صرف ٹیم کی مجموعی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔ کرناٹک کی دوسری اننگز میں راپن اتھپا(36) اور کے ایل راہل (29) نے مستحکم بنیاد رکھی اور اوپننگ وکٹس کیلئے 65 رنز جوڑے ۔ امیت ورما نے 38 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ منیش پانڈے (28) ناٹ اوٹ اور کرون نائر (20) ناٹ اوٹ رنز بنائے ۔ اس طرح 40.5 اوورس میں تین وکٹس پر 157 رنز بنائے گئے ۔ قبل ازیں مہاراشٹرا نے 272/6 کے کل رات کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا اور دوسری اننگز میں لنچ سے قبل 366 پر ساری ٹیم آل آوٹ ہوگئی ۔ مہاراشٹرا کے جادھو نے شاندار سنچری بنائی اور 112 رنز کے اسکور پر ونئے نے انہیں آوٹ کیا
اور اتھپا نے ان کا کیچ لیا ۔ ان کے علاوہ اے بونے نے 61 رنز بنائے اور وہ گوپال کی گیند اسٹمپ آوٹ ہوئے ۔ سی کھرانا نے 37 اور وی زول نے 31 اور ایس مونڈھے نے 42 رنز بنائے ۔ ونئے اور گوپال کو فی کس چار چار وکٹس ملے جبکہ میتھن نے دو وکٹس حاصل کئے ۔ کرناٹک کے لئے کامیابی درکار نشانہ بآسانی پورا کرلیا اور صرف تین وکٹس کے نقصان پر اس نے 157 بنا لیئے ۔ کرناٹک کے کپتان ونئے کمار نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 300ویں وکٹ کل حاصل کی تھی ۔ انہوں نے اس میچ میں مجموعی طور پر 29 اوورس میں ڈالے جن میں ایک میڈن رہا اور 116 رنز دیتے ہوئے چار وکٹس حاصل کئے ۔
مختصر اسکور
مہاراشٹرا : پہلی اننگز 305
کرناٹک : پہلی اننگز 515
مہاراشٹرا : دوسری اننگز 366
کرناٹک : دوسری اننگز 157/3