بیدر۔ یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کندریہ بھون ڈسٹرکٹ کمشنر کے دفتر میں ریاستی فوڈ کمشنر ہرش گپتا نے اخباری کانفرنس کا انعقاد کرکے نمائندوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست میں 6 لاکھ سے زائد بوگس راشن کارڈس کو منسوخ کیا گیا ہے۔ آئندہ دنوں میں ہر راشن ڈپو پر بائیو میٹرک مشینس نصب کی جائیں گی۔ اس کے بعد ہر بی پی ایل کارڈ رکھنے والوں کو اسمارٹ کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ اسی طرح ہر کارڈ رکھنے والوں کو یو آئی ڈی نمبر دیا جائے گا۔ پھر ان کو اسمارٹ کارڈ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو یہ اختیارات ہیں کہ وہ کسی بھی غیرقانونی مداخلت یا کارروائیوں کو روکے مثلاً ہول سیل گوڈاؤن ، ہول سیل مٹی کے تیل کے گوڈاؤن، پٹرول بینک، گیاس ایجنسیوں راشن کارڈ ڈپو وغیرہ کا جب چاہے معائنہ کریں۔ غیرقانونی معاملوں پر ان سب کے لائسنس منسوخ کرسکتے ہیں۔ راشن ڈپو میں حکومت کی فراہم کردہ تمام غذائی چیزوں کو فروخت کرنے کی اجازت ہے۔ راشن ڈپو کے مالکان کو یہ حق نہیں کہ وہ زبردستی کسی بھی کارڈ ہولڈر کو تمام چیزوں کو خریدنے کے لئے مجبور کرے۔ یہ قانون 2011ء میں ہی جاری ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورۂ کرناٹک میں تمام اضلاع میں تقریباً 49 راشن ڈپو، 12 فوڈ انسپکٹر، 3 ڈپٹی ڈائریکٹرس کو غیرقانونی حرکتوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے برخاست کردیا ہے۔ ہرش گپتا دن رات ہر جگہ مسلسل راشن ڈپو اور اس کے ماتحت افسران کے طریقہ کار کا معائنہ کررہے ہیں۔ انہوں نے راشن ڈپو مالکان سے کہا کہ وہ کارڈ ہولڈرس کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے 10 تاریخ تک راشن صبح 8 بجے تا شام 8 بجے تک تقسیم کرنا ضروری ہے اور کارڈ ہولڈرس سے اچھا برتاؤ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ایک محلے کے جملہ مکینوں کو اسی محلہ کی راشن ڈپو میں راشن فراہم کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور فیرپرائز ڈپوز کی نجی کاری نہیں کی جائے گی۔