ڈاکٹر قمرالاسلام کے ہاتھوں مستحقین میں چیکس کی تقسیم
گلبرگہ ۔/2مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )حکومت کرناٹک کی مقبول عام شادی بھاگیہ اسکیم جس کے تحت اقلیتی طبقہ کی غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لیے حکومت کی جانب سے 50ہزار روپیے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے کے سلسلے میں آج ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ،اوقاف،اقلیتی بہبود و ضلع انچارج وزیر اور صدر حیدرآباد کرناٹک ریجنل ڈیولپمنٹ بورڈ ڈاکٹر قمر الاسلام نے اپنے دفتر واقع منی ودھان سودھا میں یہ رقمی چیک مستحقین میں تقسیم کیے۔جملہ 44لڑکیوں کو فی کس 50,000روپیوں کی رقم پر مشتمل چیک پیش کیاگیا۔ڈاکٹر قمر الاسلام نے اس موقع پر نیک توقعات کا اظہار کیا کہ اس رقم سے ان غریب مستحق لڑکیوں کی زندگی سنور جائے گی اور وہ اپنے اپنے گھروں کی ہوجائیں گی اور خوش و خرم زندگی گذاریں گی۔
انھوںنے کہا کہ ایسے کئی خاندان ہیں جہاں لڑکیاں محض غربت کی وجہ سے شادیاں نہ ہونے کے سبب اپنے گھروں میں بیٹھ رہتی ہیںاور ان کی شادیوںکی عمر گذر جاتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کرناٹک میں اقلیتوں کی غریب لڑکیوں کے شادی بھاگیہ اسکیم کو شروع کرتے ہوئے کرناٹک بلکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس انوکھی اسکیم کو شروع کیا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ڈاکٹر قمر الاسلام نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے اقتدار پر آنے کے بعد سے موافق عوام بے شمار کام کیے ہیں اور اپنے انتخابی منشور سے اس نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں انھیں پورا کر دکھایا ہے۔ڈاکٹر قمر الاسلام نے مزید کہا کہ چوں کہ شادی بھاگیہ اسکیم کے تعلق سے عوام میں ابھی بیداری پیدا نہیں ہوئی ہے اسی لیے ان غریبوںکو تقاریب منعقد کرتے ہوئے چیکس پیش کیے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ آئندہ ایسا اقدام کرنے پر حکومت غور کر رہی ہے جس کے تحت غریب مستحق غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کے لیے یہ رقمی چیکس ان کے اپنے گھروںکے پتوں پر پہنچائے جائیں گے۔