بنگلورو۔29؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست بھر میں زیر تکمیل اور زیر التوا تمام ریلوے پراجکٹوں کی پیش رفت کا آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے محکمۂ ریلویز ، محکمۂ انفرااسٹرکچر وڈیولپمنٹ اور دیگر شعبوں کے افسران کے ہمراہ جائزہ لیا۔ اور ان پراجکٹوں کی جلد تکمیل کیلئے محکمۂ مالیات کو فنڈز مہیا کرانے اور دیگر حکام کو پراجکٹوں کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔ میٹنگ کے بعد تفصیلات اخباری نمائندوں کو بتاتے ہوئے ریاستی وزیر اطلاعات، انفرااسٹرکچر ، ڈیولپمنٹ وحج جناب روشن بیگ نے بتایا کہ ریاست بھر میں ریلوے پراجکٹوں کی تکمیل کیلئے 1100ایکڑ زمین درکار ہے۔ اس زمین کو پچھلی یو پی اے حکومت کی طرف سے لائے گئے اراضی قبضہ جات قانون یا موجودہ این ڈی اے حکومت کے اراضی قبضہ آرڈیننس کے تحت قبضے میں لیا جائے۔ اس کا جائزہ لینے کیلئے افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیر اور مجوزہ ریلوے انڈر اور اوور برڈجوں کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلیٰ سدرامیا نے پایا کہ بی بی ایم پی کی طرف سے 57کروڑ روپیوں کی رقم اب تک ادا نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر رواں مالی سال میں اس میں سے 26 کروڑ روپیوں کی رقم متعلقہ ایجنسیوں کو دے دی جائے۔ انہوںنے بتایاکہ بیپناہلی میں ریلوے برڈج جو محکمۂ دفاع کی زمین پر تعمیر ہورہا ہے اس کیلئے 4.5کروڑ روپیوں کی رقم ڈپازٹ کرنی ہے۔ اسی طرح جکور کے قریب 15.3 کروڑ روپے ، کنگیری کے پاس 7.29 کروڑ روپے، الال سندرا میں ریلوے برڈج کا کام 90فیصد مکمل ہوچکا ہے،
لیکن اس کیلئے 8.26 کروڑ روپیوں کی رقم جاری نہیں کی گئی۔ گوڈیگے ہلی میں 11.92کروڑ روپیوں کی رقم ، مجموعی طور پر 57کروڑ روپیوں کی رقم بی بی ایم پی کی طرف سے جاری کرنی باقی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ گدگ ۔واڈی ریلوے لائن کی پراجکٹ کی تکمیل کیلئے 2500ایکڑ زمین پر قبضہ درکار ہے۔ اس کیلئے کس قانون کے تحت پہل ہونی ہے، اس کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ ہبلی اور انکولا کے درمیان167کلومیٹر طویل ریلوے لائن کو کافی پہلے ہی منظوری مل چکی ہے، اس پر کام جلد شروع کردیا جائے گا۔ یہ اگر مکمل ہوگیا تو محکمۂ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کیلئے یہ سب سے بڑا پراجکٹ ہوگا۔ یلہنکا ، چنسندرا 13کلومیٹر لائن، ماری کپم ، کوپم نئی ریلوے لائن پر 24کلومیٹر کے کام ، بیرور ،شیوانی کے درمیان 29کلومیٹر کی لائن کے پراجکٹ التوا کا شکار ہیں۔ ان پراجکٹوں کو جلد پورا کرنے کیلئے ضروری قدم اٹھانے وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کی ہے۔ شہر کے ملٹی پلکسوں میں فلم بینوںسے بھاری رقم بطور ٹکٹ بٹورے جانے کے متعلق سوال پر جناب روشن بیگ نے بتایاکہ ملٹی پلکس مالکان کی عنقریب وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ساتھ ایک میٹنگ ہوگی، جس میں اس ضمن میں آگے کے لائحہ عمل کو مرتب کیا جائے گا۔ آج منعقدہ پیش رفت جائزہ میٹنگ کی صدارت وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کی۔ میٹنگ میں سابق وزیر اور سینئر رکن اسمبلی بسوراج رایا ریڈی اور دیگر اعلیٰ افسران وغیرہ موجود تھے۔