غلام نبی آزاد کی قیامگاہ پر تفصیلی تبادلہ خیال ۔ دونوں جماعتوں کے اہم قائدین کی شرکت
نئی دہلی 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک کی کمارا سوامی حکومت میں قلمدانوں کی تقسیم کے مسئلہ پر آج بھی تعطل برقرار رہا جبکہ اس تعلق سے گذشتہ پانچ دن سے مسلسل مشاورت چل رہی ہے ۔ کانگریس اور جے ڈی ایس کے قائدین کابینہ میں توسیع کے تعلق سے مسلسل بات چیت میں مصروف ہیں۔ کانگریس نے چیف منسٹر کمارا سوامی کی جانب سے پارٹی قائدین سے بات چیت کے بعد یہ ادعا کیا تھا کہ مسائل کو حل کرلیا جائیگا ۔ جے ڈی ایس کا کہنا ہے کہ دونوں حلیف جماعتوں کے مابین بات چیت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے اور ایک یا دو دن میں بات چیت کا احیاء ہوگا ۔ کمارا سوامی اور ریاستی کانگریس قائدین آج شام کے بعد بنگلورو واپس ہوگئے تاکہ کانگریس رکن اسمبلی کی آخری رسومات میںشرکت کرسکیں جو ایک حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ کہا جا رہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے مابین قلمدانوں کی تقسیم پر زبردست مطالبات ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ سے کابینہ کی تشکیل میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ جے ڈی ایس کے لیڈر کمارا سوامی کو گذشتہ ہفتے چیف منسٹرکی حیثیت سے حلف دلایا گیا تھا جب کانگریس نے ان کی تائید کی تھی ۔ کمارا سوامی دہلی پہونچنے کے بعد ائرپورٹ سے سیدھے سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کی قیامگاہ کو گئے تھے تاکہ بات چیت ہوسکے ۔ کانگریس صدر راہول گاندھی کل رات ہی امریکہ روانہ ہوگئے ہیں تاکہ وہاں اپنی والدہ یو پی اے صدر نشین سونیا گاندھی کے طبی معائنے کرواسکیں۔ آج ہوئی بات چیت میں موجود قائدین میں کانگریس قائدین احمد پٹیل ‘ اشوک گہلوٹ اور کے سی وینو گوپال بھی شامل تھے ۔ وینو گوپال کرناٹک میں کانگریس امور ے نگران ہیں۔ کمارا سوامی کے ساتھ بات چیت میں سینئر جے ڈی ایس لیڈر دانش علی موجود تھے ۔ بعد ازاں سینئر کانگریس قائد ملکارجن کھرگے ‘ کانگریس لیڈر سدارامیا ‘ ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور اور ڈی کے شیو کمار بھی مذاکرات میں شامل ہوگئے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس قائدین اہم قلمدانوں کیلئے اپنا ادعا پیش کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس قائدین کو فینانس ‘ داخلہ اور صنعتوں کا قلمدان دیا جائے ۔ جے ڈی ایس قیادت بھی اہم قلمدانوں میں اپنا حصہ رکھنا چاہتی ہے ۔