بنگلورو۔/26نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے ایک ٹی وی چیانل کے اسٹنگ آپریشن میں وزیر سماجی بہبود انجنیا کی اہلیہ کو رشوت لیتے ہوئے پیش کرنے پر آج اسمبلی میں ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ انہیں ( وزیر ) فی الفور کابینہ سے بطرف کردینے کا مطالبہ کیا ہے تاہم حکومت نے شوروغل کے دوران دو اہم بلز کی منظوری میں کامیابی حاصل کرلی۔ آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی بی جے پی لیڈر جگدیش شیٹر نے یہ مسئلہ اٹھایا اور یہ سوال کیا کہ آخر حکومت کا ارادہ کیا ہے کہ وزیر کے خلاف کارروائی کے بغیر کیس کو سی آئی ڈی کے حوالے کردیا گیا۔ کرناٹک کے ایک مشہور ٹی وی چیانل نے جاریہ ماہ کے اوائل میں ایک ویڈیو دکھایا تھا جس میں ایک شخص کرنسی نوٹوں کا بنڈل، وزیر سماجی بہبود انجینیا کی اہلیہ کے روبرو ان کی میز پر رکھتا ہوا پایا گیا۔ چیانل کا دعویٰ ہے کہ یہ رقم دراصل 2 لاکھ روپئے کی رشوت تھی جوکہ ایک ضلع میں 2کروڑ روپئے مالیت ایک ٹنڈر کی منظوری کیلئے پیش کی گئی تھی۔ چیانل نے یہ بھی بتایا کہ اس نے اسٹنگ آپریشن ( خفیہ کارروائی ) کیلئے جعلی کرنسی نوٹ استعمال کئے تھے۔