کرناٹک اسمبلی انتخابات میں سخت مقابلہ :موئیلی

نئی دہلی ۔ 18اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک کے اسمبلی انتخابات کیلئے مہم میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ سینئر کانگریس قائد ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ ہراسمبلی نشست کیلئے پارٹیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا جائے گا ۔ موئیلی نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے داغدار کانکنی اسکام کے ملزم جی جناردھن ریڈی کے بڑے بھائی کو بلاری کی نشست سے اپنا امیدوار مقرر کیاہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرناٹک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی خوشگوار حالت میں نہیں ہے ۔ 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کیلئے انتخابات 12 مئی کو مقرر ہیں۔ برسراقتدار کانگریس نے 218 امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے اور باقی امیدواروں کے نام قطعیت دینے میں مصروف ہے۔موئیلی نے کہاکہ حالانکہ کانگریس دوبارہ کامیاب ہونے کا یقین رکھتی ہے لیکن اُسے ہر نشست پر سخت مقابلہ بھی درپیش ہوگا ۔ 2004 ء میں کانگریس نے جے ڈی ایس کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کی تھی جو صرف 20 مہینے برقرار رہی ۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کے برعکس کانگریس کرناٹک میں بہتر حالت میں ہے ۔ مودی لہر ختم ہوچکی ہے ۔ وزیراعظم اپنی ساکھ مکمل طورپر کھوچکے ہیں۔ انھوں نے جو کچھ کہا تھا ہر شخص جانتا ہے کہ یہ صرف انتخابی تیقنات تھے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کی شبیہ بری طرح مسخ ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں آئندہ انتخابات میں بی جے پی کے کرناٹک میں برسراقتدار آنے کی کوئی اُمید نہیں ہے ۔